لندن میں حملہ کرنے والے برطانوی شہری کی شناخت;52 سالہ خالد مسعود سکیورٹی سروسز کا جانا پہچانا چہرہ تھا، چند سال قبل زیر تفتیس رہا

Source: S.O. News Service | Published on 24th March 2017, 8:15 PM | عالمی خبریں |

لندن،24مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)برطانوی پولیس نے بدھ کے روز لندن کے قلب میں پارلیمان کے باہر حملہ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت کا اعلان کردیا ہے۔اس حملہ آور کا نام خالد مسعود بتایا گیا ہے،اس کی عمر باون برس تھی اور وہ برطانیہ کے جنوب مشرقی علاقے کینٹ میں پیدا ہوا تھا۔لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ خالد مسعود کئی عرفی ناموں سے معروف تھا۔وہ ویسٹ مڈل لینڈ کے علاقے میں رہ رہا تھا۔برمنگھم شہر بھی اسی علاقے میں واقع ہے اور پولیس نے رات اس شہر میں چھاپا مار کارروائی کی تھی۔اس سے پہلے برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے کہا تھا کہ لندن میں دہشت گردی کا حملہ کرنے والا برطانیہ ہی میں پیدا ہوا تھا اور وہ متشدد انتہا پسندی کی سرگرمیوں میں ملوّث ہونے کی وجہ سے چند سال قبل سراغرساں ادارے ایم آئی 5 کے زیر تفتیش رہ چکا تھا۔انھوں نے برطانوی دارالعوام میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”حملہ آور موجودہ انٹیلی جنس تصویر کا حصہ نہیں تھا“۔دریں اثناء  برطانوی پولیس نے اس حملہ آور سے تعلق کے الزام میں سات مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
برطانیہ کی انسداد دہشت گردی پولیس کے سینیر افسر مارک رولے نے بتایا ہے کہ بدھ کی سہ پہر پارلیمان کی عمارت کے باہر حملے میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس وقت انتیس زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ان میں سات کی حالت تشویش ناک ہے۔قبل ازیں بدھ کی رات پولیس نے مرنے والوں کی تعداد پانچ بتائی تھی اور ان میں حملہ آور بھی شامل تھا۔
مارک رولے نے مزید بتایا ہے کہ پولیس نے لندن،برمنگھم اور ملک کے دوسرے علاقوں میں اس حملے کی تفتیش کے سلسلے میں چھاپا مار کارروائیاں کی ہیں۔انھوں نے کہا:”اب تک ہمارا یقین یہ ہے کہ اس حملہ آور نے اکیلے ہی یہ کارروائی کی تھی اور وہ بین الاقوامی دہشت گردی سے متاثر تھا۔اس مرحلے پر ہمیں عوام کو لاحق کسی اور خطرے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے“۔انھوں نے بتایا ہے کہ اس حملے کے مہلوکین میں مختلف قومیتوں کے افراد ہیں۔ان میں ایک پولیس اہلکار ہے جس کو حملہ آور نے تیز دھار آلہ گھونپ دیا تھا۔دوعام شہری ہیں۔ان میں ایک چالیس، پینتالیس سالہ خاتون اور ایک مرد ہے۔اس کی عمر پچاس پچپن سال تھی۔ چوتھا مہلوک حملہ آور ہے۔اس کو پولیس نے موقع پر ہی گولی مار دی تھی۔
اس حملہ آور نے لندن کے قلب میں واقع پارلیمان کی عمارت کے نزدیک پہلے ویسٹ منسٹر پْل پر اپنی تیز رفتار کار راہ گیروں پر چڑھا دی تھی۔اس کے بعد اس نے اپنی کار پارلیمان کی عمارت کے جنگلے سے ٹکرا دی تھی اور پھر ایک پولیس اہلکار کو چھرا گھونپ دیا تھا۔حملے میں زخمی ہونے والوں میں فرانس سے تعلق رکھنے والے تین اسکول طالب علم بھی شامل ہیں۔ان کی عمریں پندرہ سولہ سال ہیں۔ وہ اپنے ہم مکتبوں کے ساتھ لندن سیر کے لیے آئے تھے۔فرانسیسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ ڑاں مارک آیرو کی ان کی تیمار داری کے سلسلے میں لندن آمد متوقع تھی۔پولیس نے بدستور دریائے ٹیمز پر ویسٹ منسٹر پْل کا گھیراؤ کررکھا ہے اور وہاں پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔اس وجہ سے صبح کے مصروف اوقات میں نزدیک واقع زیر زمین ٹرین اسٹیشن تک شہریوں کی رسائی نہیں تھی۔یہ ٹرین اسٹیشن پارلیمان کی عمارت کے بالمقابل واقع ہے۔
 

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔