گوکاک 4/ڈسمبر (ایس او نیوز) ضلع بیلگام کے گوکاک میں صبح کی اولین ساعتوں میں ہوئے ایک خطرناک سڑک حادثے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ دیگر آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاع کے مطابق منگل صبح قریب تین بجے حادثہ اُس وقت پیش آیا جب بولیرو کار پر سوار یہ سبھی لوگ گوکاک کے ایک مضافاتی علاقہ میں ایک شخص کی آخری رسومات ادا کرنے کے بعد واپس اپنے گائوں سودتّی جارہے تھے کہ سڑک کنارے پارک گنے سے بھری ہوئی ایک لاری سے ان کی بولیرو کار نے تیز رفتاری کے ساتھ پیچھے سے ٹکر ماردی۔ حادثہ کی شدت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹکر لگتے ہی چار لوگوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ دیگر دو لوگوں نے اسپتال پہنچنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثے میں دیگر آٹھ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
مرنے والوں کی شناخت سودتّی تعلقہ کے ماڈمگیری دیہات اور یرجروی دیہات کے رہنے والے گنگوّا ہورلی (30)، کاشووّا کھنڈری (70)، یلوّوا پجاری (45)، یلوّوا گُنڈپّنور (40)، ملوّوا کھنڈری نیلوّوا (40)، انوسویانائیکر (38) اور رینوکا سوپاڈلا (35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گوکاک فالس کے قریب واقع اپنے ایک رشہ دار کی آخری رسومات ادا کرکے یہ سبھی لوگ واپس اپنے گاوں جارہے تھے، جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
گوکاک کے مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔