آر ایس ایس نے بی جے پی کے اختلافات سے اپنا دامن جھاڑ لیا
بنگلور:17/جنوری(ایس او نیوز) ریاستی بی جے پی لیڈران یڈیورپا اور ایشورپا کے درمیان اختلافات کو سلجھانے کی ذمہ داری سے آر ایس ایس نے اپنا دامن جھاڑ لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آج شہر میں آر ایس ایس ہیڈ کوارٹر میں یڈیورپا اور ایشورپا کو بلاکر نصیحت کرنے کیلئے منعقدہ بیٹھک منسوخ کرنے کے بعد آر ایس ایس قائدین نے دونوں کے نمائندوں کو طلب کرکے مصالحت کرانے کی کوشش بسیار کی، لیکن دونوں طرف سے کوئی بھی اپنے اپنے موقف سے ٹس سے مس نہیں ہوا، جس کے سبب آر ایس ایس قیادت نے طے کیا ہے کہ اس معاملے کو سلجھانے کی ذمہ داری اب بی جے پی اعلیٰ کمان پر چھوڑ دی جائے۔ یڈیورپااور ایشورپا کی طرف سے ایک ایک نمائندہ کو آج آر ایس ایس دفتر طلب کیا گیا اور انہیں متحد ہوکر ریاست میں پارٹی کو اقتدار پر لانے کی جدوجہد کرنے کی تاکید کی گئی، لیکن دونوں طرف سے اس معاملے میں اپنے اپنے موقف کو دہرائے جانے کے بعد آر ایس ایس قیادت نے اپنے آپ کو اس معاملے سے الگ کرلینے کا فیصلہ کرلیا۔ بتایاجاتاہے کہ یڈیورپا اور ایشورپا کے حامیوں کی طرف سے آر ایس ایس کی ہدایت کو نظر انداز کئے جانے کو دیکھتے ہوئے آر ایس ایس نے آج اپنے ایجنڈہ سے ریاستی بی جے پی کے تنازعہ کو خارج کردیا اور صرف اپنے ایجنڈا تک محدود ہوگئی۔ آر ایس ایس کی طرف سے بی جے پی میں مصالحت کرانے کی ابتدائی کوشش ناکام ہونے کے بعد سے اپنے آپ کو اس معاملے سے دور کرلینے کے فیصلے سے ریاستی بی جے پی میں انتشار کے مزید بڑھنے کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں۔