کرناٹک کی جیا نگر سیٹ پر ہوگی 11جون کو پولنگ
بنگلورو 24 مئی(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )کرناٹک کی جیانگر اسمبلی سیٹ پر آئندہ 11 جون کو پولنگ ہوگی۔ جیانگر سیٹ سے بی جے پی امیدوار بی این وجے کمار کے انتقال کی وجہ سے اس سیٹ پر الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا ۔الیکشن کمیشن کی طرف سے آج اس سیٹ کے لئے جاری انتخابی پروگرام کے مطابق اس سیٹ پر بی جے پی امیدوار کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 مئی ہے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 مئی کو کی جائے گی۔ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 28 مئی مقرر کی گئی ہے جبکہ 11 جون کو صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک پولنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 13 جون کو ہوگی اور 15 جون تک انتخابی عمل مکمل کر لی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ گذشتہ چار مئی کو بی جے پی امیدوار وجے کمار کا انتقال ہونے کی وجہ سے اس سیٹ پر الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ریاست کی باقی سیٹوں کے لیے 12 مئی کو پولنگ ہوئی تھی ۔ جس میں بی جے پی سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی تھی ، اس بھگوا ٹولہ نے حکومت بھی بنالی تھی ؛لیکن پھر سیاسی ناٹک کے بعد یدی یورپا کو مستعفی ہونا پڑا تھا ۔