بنگلورو3؍فروری (ایس او نیوز) ایک دل دہلادینے والے واقعہ میں ایک ماں اور اس کا چار سالہ بچہ کار میں لگی ہوئی آگ سے زندہ جل کر خاکستر ہوگئے۔ اس المناک حادثے میں ہلاک ہونے والی خاتون کا نام نیہا ورما (۳۴سال) اور اس کے بچے کانام پرَم (۴سال) بتایا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ واردات بورویل روڈ کے ایک اپارٹمنٹ میں واقع بیس مینٹ پارکنگ لاٹ میں جمعہ کے دون دوپہر کے وقت پیش آئی ہے۔سمجھا جاتا ہے کہ انجن میں کسی تیکنیکی خرابی کی وجہ سے کار میں آگ لگی ہوگی جو بے حد تیزی سے بھڑک گئی۔ جب تک پولیس اور فائر بریگیڈ والے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پاتے ، تب تک ماں اور بیٹا دونوں جل کر خاک ہوچکے تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا ہے کہ ماروتی ریٹس کار دوپہر 3:25 کو بیس مینٹ میں داخل ہوئی تھی، کار کو پارک کرنے کےدوران اچانک آگ اتنی تیزی کے ساتھ بھڑکی کہ ماں اور بیٹے دونوں باہر نکلنے سے پہلے ہی جل کر موت کی نیند سوگئے۔
پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔