مودی حکومت تمام محاذوں پر ناکام: سدرامیا
بنگلورو:17/مئی(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے مرکز میں مودی حکومت کے تین سال کی تکمیل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس حکومت نے ملک کے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کو پورا کرنے میں بری طر ح ناکام رہی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی خاص طور پر کرناٹک کے ساتھ ہمیشہ سے سوتیلا رویہ رکھے ہوئے ہیں۔ ریاست کے سلگتے ہوئے مسائل کو سلجھانے میں مرکزی حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کے تین سال کی تکمیل پر کانگریس پارٹی نے اپنے طور پر موقف ظاہر کردیاہے، دوبارہ اس مسئلے پر ان کی طرف سے الگ موقف ضروری نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی نے جو کچھ کہا ہے اس سے ہر کارکن کو متفق ہوناچاہئے، لیکن ریاست کے بعض امور پر وزیراعظم مودی کی طرف سے جو سوتیلا رویہ اپنایا گیا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ پچھلے تین سال کے دوران مرکزی حکومت کو تمام محاذوں پر ناکام قرار دیتے ہوئے سدرامیا نے کہا کہ وزیراعظم نے لوگوں کو اچھے دنوں کے خواب دکھائے تھے، لیکن عوام کی بدقسمتی کہ پچھلے تین سال کے دوران ایک دن بھی اچھا نہیں گزرا۔