فرقہ وارانہ فسادات،قتل کی وارداتوں پرشوبھا کی شکایت کا شاخسانہ تفصیلی رپورٹ پیش کرنے مرکزی وزارت داخلہ کا ریاستی حکومت کو حکم
بنگلورو،26؍جولائی(ایس او نیوز)مرکزی وزارت داخلہ نے جنوبی کینرا ضلع میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات اور اس ضلع میں پیش آئی24قتل کی وارداتوں کے تعلق سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے لئے ریاستی حکومت کو حکم دیاہے ۔ مرکز نے ریاستی چیف سکریٹری کولکھے گئے ایک مکتوب میں حکم دیاہے کہ ریاست میں ان دنوں کئی بی جے پی اور آر ایس ایس کارکنان کے ہوئے قتل کی تفصیلات فراہم کریں۔ مرکز نے بی جے پی لیڈران کی جانب سے کئے گئے الزامات کی وجہ سے مذکورہ حکم جاری کیاہے۔ منگلور میں شرت،بنگلور شیواجی نگر میں ردریش سمیت24کارکنان کے قتل سے متعلق رکن پارلیمان شوبھا کرندلاجے نے مرکزی وزارت داخلہ کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرکے جانچ کی گزارش کی تھی۔ اس پر وزارت داخلہ نے ان معاملات میں کہاں تک جانچ مکمل کی ہے، کتنے ملزمین کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور کتنے افراد کے خلاف عدالتوں میں چارج شیٹ داخل کی ہے، اس کی تفصیلات فراہم کرنے کے علاوہ ریاست میں قانون، نظم وضبط کو برقرار رکھنے کے متعلق کسی طرح کے اقدامات کئے ہیں اس کی بھی تفصیلات فراہم کرنے کے لئے کہاہے۔ رکن پارلیمان شوبھاکرندلا جے نے مرکز کی وزارت داخلہ کو ایک مکتوب روانہ کرکے الزام لگایاتھا کہ ریاست میں نظم وضبط ختم ہوچکا ہے۔ یہاں سازش کے تحت آر ایس ایس سنگھ پریواراور بی جے پی کارکنان کو نشانہ بنایاجارہاہے۔ ابھی تک25کارکنان کا قتل کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے ناموں کی فہرست منسلک کی تھی اور ان معاملات کی جانچ قومی تفتیشی ایجنسی( این آئی اے)کے ذریعہ کروانے کی مانگ کی تھی۔ وزارت داخلہ کے انڈر سکریٹری ایس بستا نے ریاستی چیف سکریٹری سبھاش چندر کنٹیا کو حکم دیاہے کہ ان تمام واقعات کی تفصیلی رپورٹ روانہ کریں۔ ایس بستا اپنے حکم نامے کے ساتھ شوبھا کے مکتوب کو بھی منسلک کرکے روانہ کیاہے۔ دوسری جانب ریاستی حکومت کے محکمہ داخلہ کے افسران نے مرکز وزارت داخلہ کو تمام تفصیلات فراہم کرنے کا فیصلہ کیاہے۔