ذہنی معذور لڑکی کی عصمت ریزی کے مرتکب پولیس اہلکار کوبخشا نہیں جائے گا: ڈی جی پی
بنگلورو۔16؍جنوری(ایس او نیوز) ٹمکور میں ایک اسسٹنٹ پولیس سب انسپکٹر کی طرف سے ذہنی طور پر معذور لڑکی کی عصمت ریزی کے معاملے میں ریاستی پولیس سخت ترین قدم اٹھائے گی۔اس معاملے میں کسی کوبخشنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ یہ بات ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اوم پرکاش نے کہی۔ پولیس کی گشتی گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھانے کی تقریب کے دوران اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹمکور میں اے ایس آئی نے جو حرکت کی ہے اس پر اسے نہ صرف معطل کیاگیا ہے ،بلکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جارہی ہے۔ میڈیا کی طرف سے اس سوال پر کہ کیا پولیس صرف معطلی پر اکتفاکرے گی؟ ڈی جی پی نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کیا اس معاملے کی تحقیقات بھی میڈیا ہی کرلے گا؟۔ اگر ایسا ہے تو پھر پولیس کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے میڈیا کو مشورہ دیا کہ پولیس کو اپنا کام کرنے دے، قانون کے مطابق خاطی اے ایس آئی کو گرفتار کیاجائے گا اور اس پر سخت کارروائی ہوگی۔