ودھان سودھا میں ضبط شدہ رقم عدالت کے حوالے،رقم لانے والے وکیل سے پولیس کی پوچھ تاچھ جاری
بنگلورو،22؍اکتوبر(ایس او نیوز) ودھان سودھا کے احاطہ میں کل ایک وکیل کی طرف سے اپنی کارمیں تقریباً دو کروڑ روپیوں کی رقم سمیت داخل ہونے کے معاملہ کی پولیس جانچ کررہی ہے۔ اس سلسلہ میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد وکیل کی ملکیت والی اسکوڈا کار میں ضبط کی گئی رقم 1.97 کروڑ روپے آج پولیس نے میجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرادئے ۔ ودھان سودھا پولیس اس معاملہ میں ایک ایف آئی آر درج کرواکر اس سلسلے میں وکیل سدھارتھ ہیرے مٹھ سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس سندیپ پاٹل نے بتایاکہ کار میں اتنی بڑی رقم ضبط کئے جانے کے بعد چالوکیہ سرکل میں واقع سندیپ پاٹل کے دفتر کا معائنہ کیاگیا۔ کبن پارک کے اے سی پی گاؤنکر کی موجودگی میں یہ رقم ضبط کی گئی۔ اس رقم کے متعلق اب تک کچھ بھی واضح نہیں ہوپایا ہے۔