بنگلور16/ڈسمبر (ایس او نیوز) کرناٹک کے باگلكوٹ ضلع کے مدھول میں نراني شوگر لمیٹڈ میں بوائلر میں دھماکہ ہونے کے نتیجے میں 6 افراد کی جان چلی گئی، جبکہ نو سالہ بچہ سمیت آٹھ لوگ شدید زخمی ہو گئے۔ شکر کا یہ کارخانہ نرانی یونٹ کا حصہ ہے اوریہ نراني بھائیوں اورسابق بی جے پی وزیر مرگیش نراني اور ان کے بھائیوں، سنگمیش اور ہنومنتا کی ملکیت بتائی گئی ہے۔
دھماکے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ تین منزلہ عمارت گرگئی. جبکہ پانچ کلو میٹر دور تک دھماکے کی آواز سنی گئی اور عمارتیں ہلتی ہوئی محسوس ہوئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ دھماکہ سے قریب میں واقع ایک اسکول کی کھڑکیوں اور دروازوں کو بھی نقصان پہنچا ہے حادثہ اتوار دوپہر قریب سوا بارہ بجے پیش آیا۔ یہ معلوم نہیں ہوپایا کہ دھماکہ کیسے ہوا. زخمیوں کو علاج کے لئے مدھول اور بیلگام ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جن میں تین کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
مرنے والوں میں چار کی شناخت گلبرگہ ضلع افضل پور کے شرن بسپّا، جمکھنڈی تعلقہ ناولگی کے جگدیش پٹن شیٹ، مدھول تعلقہ یڈہلّی کے شیوانند ہوسمٹھ اور ناگپا درمٹّی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ زخمیوں میں موہن سنگھ بہاری، سدپا بی پاٹل، رمیش جادو، ستیش گنی، سیدوصاب ہوسمنی، مدھوکر اشوک گھورپڑے، لکپّا ملنائک اور منوج ہوسمٹھ شامل ہیں۔