پانچ مرتبہ رکن پارلیمان منتخب ہونے والے اننت کمار ہیگڈے نے کیا کچھ کام بھی کیا ہے ؟ ایچ ڈی کمار سوامی کا سوال
کلبرگی :20/ جنوری (ایس اؤنیوز)کرناٹکا کے سابق وزیر اعلیٰ اور جے ڈی ایس کے ریاستی صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے سیاست دانوں کو نالائق کہنےو الے مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے کی پارلیمانی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے پوچھا ہے کہ اترکینرا حلقہ سے 5مرتبہ رکن پارلیمان منتخب ہونے والے اننت کمار ہیگڈے نےکیا کچھ کام بھی کیا ہے؟۔
حیدرآباد کرناٹکا علاقہ کی ترقی کے لئے دوراندیشی کی کمی والے لیڈران کو نالائق کہنے والے بیان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کمار سوامی نے اننت کمار ہیگڈے کے متعلق کہا کہ ذرہ برابر ترقی کا کام نہ کرتے ہوئے اننت کمار ہیگڈے نے خود کو نالائق کہاہے ۔ متنازعہ بیانات سے تشہیر چاہنے والے ہیگڈے کو ترقی کے متعلق کوئی فکر نہیں ہے۔ صرف دانشوروں ، ادیبوں کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے بات کرناہی ان کا سب سے بڑا کام ہے۔
اس موقع پر ریاستی وزیر اعلیٰ سدرامیا پر بھی سنگین الزام لگاتے ہوئے کماراسوامی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ ریاستی خزانے کو لوٹ کر ہائی کمان کو رشوت دے رہے ہیں۔ ریاست سے خصوصی ہوائی جہاز کے ذریعے ہائی کمان کو پیسہ بھیجا جارہاہے۔ اس مہان کام کے لئے سدرامیا اپنی کابینہ کے 5وزراء کو نامزد کئے جانےکا الزام لگایا۔ اس سے قبل یڈیورپا جب وزیراعلیٰ تھے تو چک کے ذریعے رقم لیا کرتے تھے، سدرامیا رام اور کرشنا کے نام پر الگ الگ رقم لےرہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب ہم اقتدار سنبھالیں گے تو تمام وزراء کی پول کھول دیں گے۔