بھارتی فائرنگ سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دو شہری ہلاک
اسلام آباد،4اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کنٹرول لائن کے قریب بھارتی دستوں کی فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ دونوں حریف ہمسایہ ممالک کے دستوں کے مابین کشمیر کے متنازعہ علاقے میں گزشتہ چند روز سے وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جس میں اب تک دونوں طرف متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مظفر آباد میں ایک حکومتی اہلکار قیصر اورنگ زیب نے بتایا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں یہ تازہ ہلاکتیں کنٹرول لائن پر عباس پور سیکٹر کے ایک گاؤں میں ہوئیں۔ ایک روز قبل بھارت کے زیر انتظام کمشیر میں ایک پیراملٹری کیمپ پر عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں بھی چار افراد مارے گئے تھے۔ ان میں سے ایک بھارتی فوجی تھا اور تین مشتبہ عسکریت پسند۔