متنازعہ امریکی سفیر کی جرمنی سے ملک بدری کے مطالبات شدید تر

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 7th June 2018, 12:51 PM | عالمی خبریں |

برلن 6جون (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )جرمنی میں کئی اہم رہنماؤں کے یہ مطالبات شدید تر ہو گئے ہیں کہ چانسلر میرکل کی حکومت کو برلن متعینہ متنازعہ امریکی سفیر رچرڈ گرینل کو ملک بدر کر دینا چاہیے۔ گرینل پر جرمنی اور یورپ کی داخلی سیاست میں مداخلت کا الزام ہے۔وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے منگل پانچ جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق جرمنی میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ گرینل سیاسی طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی اور معتمد ہیں۔ لیکن ان پر الزام ہے کہ وہ سیاسی اور سفارتی حوالے سے اپنے عہدے کی غیر جانبدارانہ نوعیت کے تقاضوں کے برعکس کئی بار جرمنی اور یورپ کی داخلی سیاست میں مداخلت کے مرتکب ہوئے ہیں۔امریکی سفیر گرینل کی جرمن اور بالواسطہ طور پر یورپی داخلی سیاست میں مبینہ مداخلت جرمن اور یورپی سیاستدانوں کو اس لیے بھی ناگوار گزری ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری ڈیل اور پھر امریکا اور یورپی یونین کے مابین تجارتی محصولات کے تنازعے سمیت کئی شعبوں میں پائے جانے والے اختلافات کے باعث یورپی امریکی تعلقات پہلے ہی سے کھچاؤ کا شکار ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اب جرمنی میں خاص کر یہ مطالبات زور پکڑتے جا رہے ہیں کہ برلن حکومت کو رچرڈ گرینل کو ملک بدر کر دینا چاہیے۔ گرینل نے برلن میں امریکی سفیر کے طور پر اپنیفرائض ابھی آٹھ مئی کو سنبھالے تھے۔ پھر اسی روز انہوں نے یہ غیر متوقع کام بھی کر دیا کہ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ جرمن کمپنیوں کو ایران کے ساتھ اپنا ہر قسم کا کاروبار اس لیے بند کر دینا چاہیے کہ امریکی صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے امریکا کے اخراج کا اعلان کر چکے ہیں۔رچرڈ گرینل، بائیں، اور ان کے شریک حیات میتھیو لیشی، دائیں، گرینل کی طرف سے اسناد تقرری پیش کرتے وقت وفاقی جرمن صدر شٹائن مائر کے ساتھ گزشتہ ویک اینڈ پر رچرڈ گرینل اس وقت بھی یورپی رہنماؤں کو خفا کرنے کا باعث بنے جب دائیں بازو کی سوچ کا پرچار کرنے والی ایک ویب سائٹ ’برائٹ بارٹ‘ پر ان کا یہ بیان شائع ہوا کہ وہ ’یورپ بھر میں دیگر قدامت پسند رہنماؤں کو بھی زیادہ بااختیار بنانے‘ کا ارادہ رکھتے ہیں۔رچرڈ گرینل کے ان ارادوں کی وجہ سے بھی یورپ میں کئی رہنماؤں کو اس وقت شدید حیرانی ہوئی تھی جب انہوں نے کہا تھا کہ وہ 13 جون کو آسٹریا کے انتہائی قدامت پسند چانسلر سباستیان کْرس کے اعزاز میں ایک ظہرانے کی میزبانی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ جرمنی میں امریکی سفیر نے سباستیان کْرس کو ایک ’’روک سٹار‘‘ بھی قرار دیا تھا۔جرمنی میں سرکردہ سیاسی حلقے رچرڈ گرینل کے اس طرز سفارت کاری کے بارے میں کیا سوچتے ہیں، اس کا اظہار جرمنی کے ایک یورپی سطح کے اعلیٰ سیاستدان مارٹن شْلس کے ردعمل سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔ شْلس جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق سربراہ اور چانسلر میرکل کے چانسلرشپ کے لیے حریف امیدوار رہنے کے علاوہ یورپی پارلیمان کے اسپیکر بھی رہ چکے ہیں۔مارٹن کے مطابق یہ شخص (رچرڈ گرینل) جو کچھ بھی کر رہا ہے، وہ تو بین الاقوامی سفارت کاری میں کبھی کسی نے دیکھا نہ سنا ۔ شْلس کے الفاظ میں اگر واشنگٹن میں کوئی جرمن سفیر کبھی یہ کہتا کہ وہ امریکا میں ڈیموکریٹس (ٹرمپ کی مخالف سیاسی جماعت کے سیاستدانوں) کو زیادہ طاقت ور بنانے کے لیے واشنگٹن آیا ہے، تو اسے فوری طور پر امریکا سے نکال دیا جاتا۔ چانسلر میرکل کے مرکز سے دائیں باز وکی طرف جھکاؤ رکھنے والے حکومتی بلاک کے پارلیمانی دھڑے کے خارجہ سیاسی امور کے ترجمان ڑْرگن ہارٹ کے مطابق، ’’رچرڈ گرینل واضح طور پر یورپی یونین کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر جرمنی سے موجودہ امریکی سفیر کو ممکنہ طور پر ملک بدر کیا گیا، تو یہ جرمن امریکی تعلقات کو گزشتہ کئی عشروں کے دوران لگنے والا سب سے بڑا اور تکلیف دہ سیاسی دھچکا ہو گا۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔