گوری لنکیش قتل کیس کا ایک اور ملزم موہن نائک گرفتار، قاتلوں کو گھر اور گاڑیاں فراہم کا الزام
بنگلورو،20؍جولائی(ایس او نیوز)معروف صحافی اور سماجی کارکن گوری لنکیش قتل کے سلسلے میں جاری تحقیقات میں پیش رفت کرتے ہوئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
اس کی شناخت دکشن کنڑا ضلع کے سولیہ تعلق کے ساکن موہن نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ اس نے کلیدی ملزمین موہن کالے اور پرشو رام واگ مورے کو شہر کے سنکتھ کٹے میں مکان دلایا تھا۔ اس کے ساتھ ہی راجہ راجیشوری نگر میں گوری لنکیش کے گھر کے پاس آنے جانے کے لئے بائیک اور کار بھی مہیا کرائی تھی۔ موہن نائیک کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے گرفتار کرکے اسے شہر کے تیسرے اڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا،جہاں اسے 14 دنوں تک خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تحویل میں دے دیا گیا۔ اس گرفتاری کے بعد اب تک اس کیس میں گرفتار ملزموں کی تعداد 8؍ ہوگئی ہے۔