ای وی ایم مشین میں گڑبڑی کا معاملہ سلجھ گیا۔ ہبلی دھارواڑ سنٹرل حلقے سے بی جے پی امیدوار کی جیت
دھارواڑ 16؍مئی (ایس او نیوز) ووٹوں کی گنتی کے وقت ہبلی دھارواڑ حلقے میں پولنگ بوتھ نمبر152Aکی ووٹنگ مشین میں گڑ بڑ ہونے کی شکایت کے بعد وہاں کے نتیجے کو روک لیا گیا تھا۔
بتایاجاتا ہے کہ مشین اور وی وی پیاٹ کی گنتی میں فرق آرہاتھا اور وی وی پیاٹ میں207ووٹ زیادہ دکھائی دے رہے تھے۔ یہاں سے بی جے پی کے جگدیش شیٹر کے جیتنے کی خبر آئی تھی، لیکن کانگریسی امیدوار ڈاکٹر مہیش نالواڈ نے اعتراض جتاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اپیل کی تھی کہ یہاں کے نتیجے کو روک لیا جائے اور اس گڑ بڑی کی تحقیق ہو۔ الیکشن کمیشن نے عبوری طور پر انتخابی نتیجہ روکنے کے بعد اب باضابطہ اعلان کیا ہے کہ بی جے پی کے امیدوار جگدیش شیٹر نے 75,591ووٹ کے ساتھ جیت درج کی ہے جبکہ ان کے مقابلے میں کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر مہیش نالواڈ نے 54,321ووٹ حاصل کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق وی وی پیاٹ اور ووٹنگ مشین کی گنتی کا فرق آنے کی اہم وجہ ایسے نقلی ووٹ تھے جومشین چیک کرنے اور پریکٹس کے لئے اصل پولنگ سے پہلے کیے گئے اور غلطی سے ان ووٹوں کی گنتی مٹائی نہیں گئی تھی۔