سری راملو کے خلاف شہر پولیس تھانے میں شکایت درج، ریاست کو توڑنے کے بیان پر کارروائی کی مانگ
بنگلورو یکم اگست(ایس او نیوز) شمالی کرناٹک کو الگ ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ چھیڑنے والے سابق رکن پارلیمان اور ملکالمرو کے رکن اسمبلی بی سری راملو کے خلاف کنڑا انوشٹھان منڈلی نے شہر کے ملیشورم پولیس تھانہ میں فوجداری شکایت درج کرائی ہے، اور کہاہے کہ سری راملو نے اپنے اس بیان کے ذریعے ریاست کے امن وامان میں خلل ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ شکایت میں کہاگیا ہے کہ کنڑا زبان کے استعمال کی بنیاد پر تشکیل صوبۂ کرناٹک کو توڑنے کا بیان دینے والے سری راملو کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔ متحدہ کرناٹک کے لئے جنوبی اور شمالی کرناٹک کے بیشتر لوگوں نے بڑی بڑی قربانیاں دی ہیں ، تمام کنڑیگاؤں کو یکجا کرکے متحدہ کرناٹک کی تشکیل عمل میں آئی ہے اور اس ریاست کی ترقی کے لئے ریاست کے تمام علاقوں سے وابستہ لوگ جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں لیکن ان لوگوں کے حوصلوں کو پست کرتے ہوئے سری راملو نے کرناٹک کے دو ٹکڑے کرنے کا اشتعال انگیز بیان دیا ہے۔اس کے لئے انہیں ہرگز بخشا نہیں جاسکتا۔ سری راملو نے اپنے اس بیان سے ریاست کے سکون کو متاثر کرنے کی کوشش کے ساتھ عوام کے درمیان نفرت کو ہوا دینے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس اپنے طور پر سری راملو کے خلاف مقدمہ درج کرے اور ان کے ریاست مخالف بیان کے خلاف کارروائی کی جائے۔