یوپی میں بی جے پی اوربی ایس پی کے درمیان شہ مات کا کھیل جاری
لکھنو،23؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )دیاشنکر معاملے میں بیک فٹ پر بی جے پی اب فارورڈ کھیلنے لگی ہے۔آج پورے ملک میں’بیٹی کے سمان میں بی جے پی میدان میں‘کے نعرے کے ساتھ مایاوتی کو گھیرنے کے لیے پارٹی کارکنان سڑکوں پر اتر آئے ۔ہاتھ میں تختی لے کر بی جے پی کے کارکنوں نے پورے جوش کے ساتھ ہر ضلع کے ہیڈ کوارٹر پر دھرنااورمظاہرہ کیا ۔ ساتھ ہی نسیم الدین صدیقی کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ۔غور طلب ہے کہ دیاشنکر نے مایاوتی کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز تبصرہ کیا تھا جس کے بعد بی ایس پی مشتعل ہو گئی تھی اور بی جے پی کے سابق لیڈر شنکر کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا،لیکن اس احتجاج میں بڑی بات یہ رہی کہ جن نازیباتبصرے کو لے کر بی ایس پی مظاہرہ کر رہی تھی اس میں اس سے بھی برے الفاظ کا استعمال کیا گیا۔بی ایس پی کے کارکنوں کی یہی چوک بی جے پی کا ہتھیار بن گئی اور اس ہتھیار کو موقع اور دستور دیکھ کر بی جے پی نے بھنانے میں کوئی غلطی نہیں کی۔بی جے پی نے کارکنوں کو میدان میں اتارا اور بی ایس پی کے حملے کی دھار کو کمزور کر دیا۔تاہم بی ایس پی بھی کمزورنہیں ہے اور وہ اگلی حکمت عملی کیا بنائے گی ،یہ دیکھنے والی بات بھی ہوگی۔تب تک یوپی کی سیاست میں یہ شہ اورمات کاکھیل چلتا رہے گا۔