بنگلورو،12؍جنوری(ایس او نیوز) شہرمیں گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے اس پر قابو پانے کے مقصد سے ریاستی حکومت پندرہ سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں کو دوڑانے پر پابندی لگانے پر غور کررہی ہے۔ یہ بات آج وزیر ٹرانسپورٹ بی سی تمنا نے کہی۔
آج ٹاؤن ہال میں محکمۂ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کے اشتراک سے روڈ سیفٹی ویک کے اختتامی جلسے میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہر میں ٹریفک اژدہام روز مرہ کا معمول بن چکا ہے۔ ٹریفک کو قابو میں کرنے کے لئے حکومت کے لئے چند سخت قدم اٹھانے پڑیں گے، جن میں پندرہ سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں کو شہر کی حدود میں دوڑانے پر پابندی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں ٹریفک کے بارے میں عوامی جانکاری لانے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنانے کے لئے ہر وارڈ کی سطح پر بیداری مہم چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ شہر میں کاروں کے استعمال کو کم کرنے کے لئے بھی ایک خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ ریاست کی آبادی سات کروڑ ہے، جبکہ ریاست میں گاڑیوں کی تعداد 3.5کروڑ ہے۔ شہر بنگلور میں سب سے زیادہ ایک کروڑ گاڑیاں روزانہ سڑکوں پر دوڑ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں بیرون ریاستی گاڑیاں شہر سے گزرتی ہیں، ان تمام اعداد وشمار کا جائزہ لینے کے بعد یہ اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ بنگلور میں گاڑیوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافے کے سبب آلودگی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ شہر بھر میں پچھلے ایک سال کے دوران پیش آئے سڑک حادثوں میں ہزاروں لوگوں کی موت ہوئی ہے، آنے والے دنوں میں اس تعداد کو قابو میں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ سڑک حادثوں کی ایک وجہ اور بھی ہے کہ شہر اور ریاست بھر میں سڑکوں کے نیٹ ورک کو بہتر بنائے جانے کے سبب گاڑیوں کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے، اس کے نتیجے میں سڑک حادثوں کی تعداد میں بھی اضافے دیکھنے میں آرہاہے۔
اس موقع پر رکن اسمبلی ادے گروڈا چار نے یہ تجویز پیش کی کہ شہر میں ٹریفک کے اژدہام کو قابو میں کرنے کے لئے پندرہ سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں پر پابندی لگنی چاہئے۔ ٹرانسپورٹ کمشنر وی پی ایکّیری نے کہاکہ ٹریفک قوانین پر اگر گاڑی چلانے والے سختی سے عمل کریں تو حادثوں کو کافی حد تک روکا جاسکتاہے، انہوں نے کہاکہ سڑکوں کی وجہ سے ملک بھر میں سالانہ 1.5لاکھ لوگوں کی موت ہوتی ہے، بنگلور میں یہ تعداد اوسطاً چار ہزار ہے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی اور بی ایم ٹی سی چیرمین این اے حارث، محکمۂ داخلہ کے اڈیشنل چیف سکریٹری رجنیش گوئل، فلم اداکار پریم ، اداکارہ راگنی دویدی ، اڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک ہری شیکھرن اور دیگر موجود تھے۔