نتائج آنے سے پہلے جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کمار سوامی سنگاپورروانہ
بنگلورو14مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ووٹوں کی گنتی سے پہلے کرناٹک میں یہ قیاس آرائی چل رہی ہے کہ حکومت کون بنائے گا؟ کسی کو واضح اکثریت ملے گی یا معلق اسمبلی ہوگی۔اس میں کنگ میکر کی صورت میں ابھر کر سامنے آنی والے سیاسی پارٹی جے ڈی ایس کا کردار کیا ہوگا؟ اس قیاس آرائیوں کے درمیان جے ڈی ایس کے رہنما ایچ ڈی کمار سوامی سنگاپور پہنچ گئے ہیں۔ کمار سوامی کے قریبی ذرائع کہہ رہے ہیں کہ ڈاکٹروں کے مشورہ پر وہ سنگاپور گئے ہیں تاکہ ان کے پاس آ کر ان لوگوں سے ملنا نہ پڑے۔کمار سوامی کے دل کا آپریشن ہو چکا ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے؛ لیکن اس سیاسی حالات میں کمار سوامی کا ملک کے باہر جانا کئی طرح کے قیاس آرائیوں کو جنم دے رہا ہے۔ مانا جا رہا ہے اکثریت سے کم اعداد و شمار آنے پر بی جے پی جے ڈی ایس کی حمایت حاصل کرنے کی عجلت میں ہے ۔خواہ بی جے پی کو کمار سوامی کو سی ایم کا عہدہ ہی کیوں نہ دینا پڑے۔ ویسے جے ڈی ایس کو کانگریس کے ساتھ جانے میں بھی کوئی دقت نہیں ؛لیکن جے ڈی ایس سدارمیا کو سی ایم نہیں چاہے گی۔ اتوار کو سدارمیا نے دلت وزیراعلی کی بات کہہ کر ایک طرح سے جے ڈی ایس کیلئے دروازہ کھول دینے کا عندیہ پیش کیا تھا ۔