بنگلورو، 13 نمبر (ایس او نیوز؍یو این آئی)چامراج پیٹ شمشان گھاٹ پر سمرتھ براہمن رواج کے مطابق پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر اننت کمار کا منگل کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئی ۔مسٹر اننت کمار کی آخری رسومات ان کے چھوٹے بھائی نند کمار نے پوری کی۔
اس موقع پر شمشان گھاٹ پر آخری وداعی دینے کے لئے بڑی تعداد میں مسٹر اننت کمار کے حامی موجود تھے اور وہ 'اننت کمار امر رہے ' اور 'بھارت ماتا کی جے ' کے نعرے لگارہے تھے ۔ آخری رسومات سے قبل انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بزرگ اور قد آور لیڈر لال کرشن آڈوانی، مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، بی جے پی کے صدر امت شاہ، کرناٹک بی جے پی صدر اور سابق وزیراعلی بی ایس یدی یورپا، وزیر دفاع نرملا سیتا رمن، ریلوے وزیر پیوش گوئل، وزیر قانون روی شنکر پرساد، تیل اور نیچرل گیس کے وزیر دھرمندر پردھان، مرکزی وزیر وجے گوئل اور مہیش شرما کے علاوہ کئی دیگر مشہور شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔
واضح رہے مسٹر اننت کمار کا 59 برس کی عمر میں پیر کے دن پھیپھڑے کے کینسر سے انتقال ہوگیا تھا۔