مزار شریف حملہ: افغان وزیر دفاع اور فوج کے سربراہ مستعفی

Source: S.O. News Service | Published on 24th April 2017, 7:48 PM | عالمی خبریں |

کابل،24اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مزار شریف حملے کے بعد افغان وزیر دفاع جنرل عبداللہ حبیبی اور ملکی فوج کے سربراہ قدم شاہ شہیم نے اپنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ دوسری طرف امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس غیر اعلانیہ دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں۔افغان وزیر دفاع جنرل عبداللہ حبیبی (بائیں) اور ملکی فوج کے سربراہ قدم شاہ شہیم نے اپنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے چوبیس اپریل بروز پیر بتایا ہے کہ مزار شریف میں واقع فوجی ہیڈ کوارٹرز پر حملوں کے باعث افغان وزیر دفاع جنرل عبداللہ حبیبی اور ملکی فوج کے سربراہ قدم شاہ شہیم مستعفی ہو گئے ہیں۔ جمعے کے دن ہوئی اس خونریز کارروائی میں ایک سو چالیس افغان فوجی ہلاک جبکہ ایک سو ساٹھ زخمی ہو گئے تھے۔
کابل میں صدر دفتر کی طرف سے ایک ٹوئیٹ میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں کے استعفے قبول کر لیے گئے ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی مزار شریف حملے کے بارے میں جامع تحقیقات کا حکم بھی جاری کر چکے ہیں۔ غنی کے ترجمان شاہ حسین مرتضوی نے روئٹرز سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ مزار شریف حملے کے باعث ان دونوں عہدیداروں نے استعفیٰ دیا ہے۔طالبان کی اس کارروائی کو افغان سکیورٹی اداروں کی ایک بڑی ناکامی قرار دیا جا رہا ہے۔ جمعے کے دن تقریباً دس طالبان باغی فوجیوں کی وردیوں میں ملبوس ہو کر شمالی افغانستان میں مزار شریف کے مقام پر فوج کے اہم صدر ہیڈ کوارٹرز میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ان جنگجوؤں نے وہاں بہیمانہ طریقے سے کارروائی کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ ان جنگجوؤں نے مشین گنوں کے استعمال کے علاوہ خود کش حملے بھی کیے۔ کئی افغان حکام کے مطابق اس حملے میں ہلاک شدگان کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔
پیر کی صبح ہی مظاہرین کے ایک چھوٹے سے گروپ نے صدر دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے وزیر دفاع کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور معلوم کیا جائے گا کہ آخر جنگجو اس فوجی بیس میں داخل ہونے میں کیسے کامیاب ہوئے۔
 پیر کے دن امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس اپنے پہلے سرکاری دورے پر افغانستان پہنچ گئے ہیں۔ وہ ایک ایسے وقت پر کابل پہنچے ہیں، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ افغانستان کے لیے پالیسی تیار کرنے پر غور کر رہی ہے۔گزشتہ اتوار کو امریکی سلامتی کے قومی مشیر جنرل ایچ آر میک ماسٹر نے بھی افغانستان کا دورہ کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ میٹس اپنے اس دورے کے دوران افغان قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں سے بھی ملیں گے۔امریکا کے علاوہ دیگر عالمی طاقتوں نے بھی مزار شریف میں ہوئے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے افغان صدر اشرف غنی کو ارسال کردہ اپنے ایک پیغام میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا تھا۔ برلن حکومت نے کہا ہے کہ طالبان کی اس کارروائی کے باوجود کابل حکومت سے تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یاد رہے کہ تقریباً ساڑھے نو سو جرمن فوجی افغانستان میں تعینات ہیں، جو مقامی دستوں کو مشاورت اور تربیت فراہم کر رہے ہیں۔
 

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔