گوری لنکیش کے قاتل کی نشاندہی کرنے میں ایس آئی ٹی کامیاب
بنگلورو،2؍جون(ایس اونیوز) معروف صحافی گوری لنکیش کے قتل کی جانچ میں مصروف خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے ایک غیر معمولی پیش رفت حاصل کرتے ہوئے مشتبہ قاتل کی نشاندہی کرلی ہے۔تحقیقات کے دوران مشتبہ ملزمین سے حاصل کی گئی جانکاری کی بنیاد پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے حملہ آور کی شناخت بیجاپور کے متوطن اور ہندو نواز تنظیم کے کارکن منوہر یادو کی حیثیت سے کی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ منوہر یادو عرف منوج اس علاقے کا ایک کٹر ہندو کارکن رہا ہے ، گوری لنکیش کا قتل ہونے سے ایک ہفتہ قبل ہی وہ بنگلور پہنچ چکا تھا اور اس کی مدد کے لئے متعین مشتبہ ملزمین نے گوری لنکیش کی رہائش گا اور ان کے دیگر ٹھکانوں کے متعلق نہ صرف منوہر کو جان کاری دی بلکہ وہاں تک اسے بارہا لانے لے جانے کا بھی کام کیا۔ گوری لنکیش کے قتل کی سازش کے ہر پہلو سے یہ ٹیم واقف تھی، اور مشتبہ ملزمین اور منوہر یادو نے آپسی تال میل کے ذریعے اس جرم کو انجام دیا۔ بتایاجاتاہے کہ اس سے پہلے مہاراشٹرا میں گووند پنسارے ، دابول کر اور دھار وا ڑ میں ایم ایم کلبرگی کا قتل کروانے میں جو طاقتیں کارفرما رہیں وہی طاقتیں بنگلور میں گوری لنکیش کا قتل کروانے میں بھی شامل رہیں۔ان تمام کو کٹر ہندو تنظیمیں ، مخالف ہندو قرار دیتے ہیں۔ان کے آزادانہ خیالات کے تشہیر کو کم کرنے کے لئے اور ان کے حوصلوں کوپست کرنے کے مقصد سے انہیں نشانہ بنایا گیاتھا۔خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے بتایا ہے کہ گوری لنکیش کا قتل کرنے سے پہلے اس ٹولی نے بار ہا اپنی خفیہ میٹنگوں کا بھی اہتمام کیا تھا۔