
مسقط، 13 اپریل (ایس او نیوز/سید حسن برماور): بھٹکل مسلم جماعت مسقط کی سرپرستی میں ویکینڈ فرینڈس کی جانب سے ایک شاندار نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ویکینڈ ڈیفینڈرز نے فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد بھٹکل نوائط کلب کو شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔
چھ اوورز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں مسقط اور عمان کے مختلف علاقوں میں مقیم بھٹکل کے نوجوانوں پر مشتمل 12 ٹیموں نے حصہ لیا، جبکہ بھٹکل کے عوام کی بڑی تعداد نے میچس سے خوب لطف اُٹھایا اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔
پہلے سیمی فائنل میں بھٹکل نوائط کلب نے رویل نوائط کو شکست دی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ویکینڈ ڈیفینڈرز نے نوائط کلب کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔ فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا اور آخرکار ویکینڈ ڈیفینڈرز نے میدان مار لیا۔
کرکٹ کی یہ تقریب رات 9 بجے شروع ہوئی اور صبح تقریباً 4:45 بجے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
فاتح ٹیم ویکینڈ ڈیفینڈرز کو خوبصورت کپ کے ساتھ 201 عمانی ریال بطور انعام دیا گیا، جبکہ رنر اپ ٹیم بھٹکل نوائط کلب کو 151 عمانی ریال اور ٹرافی سے نوازا گیا۔
فائنل میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر مُجتبیٰ چامنڈی کو "مین آف دی میچ" کے اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر عبدالباقی کو "بیسٹ پلئیر آف دی ٹورنامنٹ" قرار دیا گیا۔ عُبادہ برماور کو "بیسٹ فیلڈر" کا اعزاز حاصل ہوا۔
فائنل کے اختتام پر حاضرین کے لیے لکی ڈرا کے ذریعے انعامات کی تقسیم عمل میں آئی، جبکہ میچ سے قبل تمام شرکاء کے لیے پرتکلف عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
تقریب میں بھٹکل مسلم جماعت مسقط کے صدر نثار ایم جے، نائب صدر سہیل ائیکری، جنرل سکریٹری ابوالاعلیٰ محتشم، سکریٹری سید زیاد ایس ایم، اور دیگر اراکین انتظامیہ جیسے ابراہیم خلیل گوائی، ایوب سدی باپا، ڈاکٹر عمران، فوزان محتشم، عبدالحفیظ صدیقہ، عبدالباری ایس ایم، عبدالباری رکن الدین، سید حسن ایس ایم، ناصر قاضیا اور طارق رکن الدین بائیدہ بھی موجود تھے۔