
بنگلورو، 18/ مئی (ایس او نیوز) شہر میں ہفتہ کی شام سے جاری موسلا دھار بارش نے نظام زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ بجلی کی چمک اور بادلوں کی گرج کے ساتھ سنیچر رات کو ہوئی شدید بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں بھاری مقدار میں پانی جمع ہوجانے سے ٹریفک نظام متاثر رہا ، جبکہ کئی علاقوں میں درختوں کے گرنے سے بھی عوام کے لئے مسائل پیدا ہو گئے ۔ متعدد مقامات پر بجلی کے کھمبے گرنے سے برقی سربراہی منقطع ہو نے کی بھی اطلاعات ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ہفتہ کی شام ہونے والی بارش ایسے وقت میں برسی جب بیشتر لوگ دفاتر سے واپسی کے دوران سڑکوں پر تھے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کے کئی حصوں میں ٹریفک کی رفتار سست پڑ گئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ چنا سوامی اسٹیڈیم میں آئی پی ایل میچ کی وجہ سے پہلے ہی سڑکوں پر غیر معمولی بھیڑ تھی، جسے بارش نے مزید پیچیدہ بنا دیا۔ مختلف مقامات پر سڑکیں پانی سے لبریز ہو گئیں اور کئی گاڑیوں کے انجن میں پانی داخل ہونے سے وہ بند پڑ گئیں، جس کے باعث کئی افراد کو اپنی ٹو وہیلرز کو دھکیلتے ہوئے منزل کی جانب بڑھتا دیکھا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سنیچر صبح سے اتوار صبح تک 40 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور شہر میں آئندہ چند دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل ہونے والی یہ بارشیں جنوب مغربی مانسون کی آمد کی نشاندہی کر رہی ہیں۔ محکمہ نے بتایا ہے کہ ریاست کے مختلف حصوں، خصوصاً 25 سے زائد اضلاع میں بارش کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ کچھ علاقوں میں شدید بارش کے پیش نظر آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ دیگر کئی اضلاع میں احتیاطی تدابیر کے تحت یلو الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔