کرناٹک کے منڈیا میں اعلیٰ ذات والوں کی طرف سے دلتوں کے گھروں کو جانے والی سڑک بند کرنے کا الزام؛ شکایت کے بعد کھولی گئی سڑک
منڈیا، 19/ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی ) کرناٹک کے منڈیا میں اعلیٰ ذات والوں کی طرف سے دلت برادری کے گھروں کی طرف جانے والی سڑک کو بندکرنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد تحصیلدار نے بات چیت کے ذریعے مسئلہ کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق دلت برادری نے14 ستمبر کومنڈیا ڈپٹی کمشنر کوایک شکایت پیش کی، جس میں الزام لگایا گیا کہ ایک اعلیٰ ذات کے خاندان نے ان کے گھروں کو جانے والی سڑک پر قبضہ کرتے ہوئے ان کا راستہ بند کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق شکایت میں کہا گیا ہے کہ مدور تعلقہ کے ہوتھاگیرے گاؤں کے دیہاتیوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے تجاوز کردہ سڑک کو خالی کرائے اور سڑک کو کھول دے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ راستہ بند ہونے کی وجہ سے ان کی روز مرہ کی زندگی متاثر ہورہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر مدور تحصیلدار کو ہدایت دی کہ اس معاملے پر کاروائی کرے۔جس کے بعد مدور کے تحصیلدار بی نرسہما مورتی نے سماجی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے متعلقہ زمینداروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ حل کردیا۔