سچ کی جیت ہوئی: بی جے پی نے رافیل معاملے میں عدالت کے فیصلے پر کہا
نئی دہلی،14نومبر(آئی این ایس انڈیا) بی جے پی نے سپریم کورٹ کی طرف سے رافیل سودے کی جانچ کرانے کی مانگ سے متعلق جائزہ درخواست مسترد کئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ سچ کی جیت ہوئی ہے اور یہ مودی حکومت کی بڑی جیت ہے۔بی جے پی ترجمان سید شاہنواز حسین نے کہاکہ ’ستیہ مے جیتے‘سچ پریشان ہو سکتا ہے، شکستہ نہیں۔ وہیں، پارٹی لیڈروں نے عدالت عظمی کی طرف سے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو مستقبل میں محتاط رہنے کی نصیحت دئے جانے کو لے کر کانگریس لیڈر پر چٹکی لی۔بی جے پی کے تنظیم وزیر بی ایل سنتوش نے ٹویٹ کیاکہ سپریم کورٹ نے رافیل سودے کے بارے میں جائزہ درخواست مسترد کی اور راہل گاندھی کو مستقبل میں محتاط رہنے کی نصیحت دی۔یہ مودی کی قیادت والی حکومت کی بڑی جیت ہے۔قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے رافیل لڑاکا طیارے سودا معاملے میں نریندر مودی حکومت کو جمعرات کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا کہ نظر ثانی عرضیاں سماعت کے قابل نہیں ہیں۔عدالت نے اپنے 14 دسمبر 2018 کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ والی درخواستوں کو مسترد کر دیا۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ نے کہاکہ ہم نے پایا کہ نظر ثانی عرضیاں سماعت کے قابل نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ نے رافیل سودے کے سلسلے میں تبصرے کے لئے راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت عرضی کا نمٹا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مستقبل میں ہوشیار رہنا چاہئے۔