پیگاسس سافٹ ویئر معاملے کو لےکر راجیہ سبھا میں ہنگامہ؛ ترنمول کے ایم پی نے مواصلات وزیر کے بیان کی کاپی چھین کر ہوا میں لہرادیا
نئی دہلی، 22 جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ترنمول کانگریس کے ایک رکن نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں کارروائی کے دوران انفارمیشن ٹکنالوجی اور مواصلات وزیر اشوینی وشنو کے ہاتھوں سے کاغذ چھین لیا اور اسے ہوا میں پھینک دیا۔ وشنو اس وقت ایوان بالا میں پیگاسس سافٹ ویئر کے ذریعہ ہندوستانیوں کی جاسوسی سے متعلقہ خبریں اور اس معاملے میں حزب اختلاف کے الزامات پر بیان دے رہے تھے۔
دو التواء کے بعد جیسے ہی دوپہر 2 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی ڈپٹی چیئرمین ہریونش نے بیان دینے کے لئے وشنو کا نام پکارا۔ اسی دوران ترنمول کانگریس کے ممبران اور کچھ حزب اختلاف کی جماعتیں پوڈیم کے قریب پہنچ کر ہنگامہ اور نعرے بازی کرنے لگے۔ادھر ترنمول کانگریس کے ممبر شانتنو سین نے بیان کی کاپی مرکزی وزیر کے ہاتھ سے چھین لی اور اس کے ٹکڑے کرکے ہوامیں لہرادیا۔اس صورتحال میں وشنو نے اس بیان کی کاپی ایوان کی میز پر رکھ دی۔ڈپٹی چیئرمین ہریونش نے ہنگامہ کرنے والے ممبران سے غیر پارلیمانی سلوک نہ کرنے کی درخواست کی لیکن ان کی ایک بھی بات نہیں سنی گئی۔انہوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ غیر پارلیمانی عمل ہے،جس رپورٹ کو ہم سننا چاہ رہے ہیں،اس پر بحث نہیں ہونے دے رہے ہیں،یہ کون سا جمہوری عمل ہے؟۔ہنگامے کے درمیان ڈپٹی چیئرمین نے پارلیمنٹری کمیٹیوں کی رپورٹوں کی کاپیاں ایوان کے ٹیبل پر رکھی۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی کو دن بھر کے لئے ملتوی کردیا۔