منگلورو:ڈاکٹروں کے خلاف بدزبانی والا ویڈیو سوشیل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے ملزمین گرفتار

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 20th June 2019, 10:42 PM | ساحلی خبریں |

منگلورو20/جون (ایس او نیوز) انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن کے مطالبے پر نجی ڈاکٹروں اور اسپتالوں نے جب17جون کو ایک روزہ ہڑتال کررکھی تھی تو اس وقت سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کا ہجوم ہوگیاتھا۔ ایسے میں سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں کو مریضوں کے علاج و معالجے میں دقت پیش آرہی تھی۔ اسی دوران منگلورو کے وینلاک اسپتال میں حادثے کا شکار ایک مریض لایا گیا جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد سی ٹی اسکیان کروانے کی صلاح دی گئی۔ مگر ایمبولینس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے اس میں تقریباً پون گھنٹہ تاخیر ہوگئی۔

مریض کے علاج میں تاخیر برہمی ظاہر کرتے ہوئے اس کے دوستوں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کیا جس میں ڈاکٹروں کی بے پرواہی اور غفلت کی شکایت کا ذکر کرنے کے ساتھ ڈاکٹروں کے بارے میں انتہائی ہتک آمیز الفاظ میں تبصرہ کیا گیا تھا۔ انتہائی بدزبانی والے اس ویڈیو کلپ کو سوشیل میڈیا پر بھی وائرل کیا گیا تھا۔

اس واقعے کے خلاف وینلاک اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجیشوری دیوی نے پولیس میں شکایت پر درج کروائی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دکشیت اور نتین کو گرفتار کرلیا ہے۔ دونوں ملزمین کو عدالت میں پیش کیاگیا جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی