الیکشن کمیشن کانام بدل کر ایم سی سی(مودی کوڈآف کنڈکٹ) رکھ دیناچاہئے؛ فائرنگ کوممتابنرجی نے’نسل کشی‘بتایا،کہا،سینے میں گولی ماری گئی
کولکتہ،12؍اپریل (ایس او نیوز) مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کو کمیشن پر سیدھاحملہ کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن کا نام بدل کر ایم سی سی یعنی مودی کوڈ آف کنڈکٹ رکھنا چاہئے-
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیاہے کہ کوچ بہار میں مارے گئے لوگوں کو ہفتے کی صبح سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورسز (سی آئی ایس ایف) کے ذریعے سینے میں گولی مار دی گئی ہے- اس کو’نسل کشی‘ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ سی آئی ایس ایف صرف صنعتی معاملات سے نمٹنے کی اہل ہے اور اسے ہجوم پر قابو پانے کا تجربہ نہیں ہے-ممتابنرجی نے کہاہے کہ مرکزی فورسز کے دعوے کے حق میں کوئی ویڈیو فوٹیج یا کوئی اور ثبوت نہیں ہے-
اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہاہے کہ تمام بیرونی افراد نے فائرنگ کی ہے-اصول یہ ہے کہ پہلے لاٹھی چلائی جائے،پھر آنسو گیس کے گولے یا پانی کے گولے چھوڑے جائیں - میں اس کے ساتھ سیاست نہیں کرناچاہتی- یہ میں شروع ہی سے کہہ رہی ہوں کہ وہ لوگوں کو ڈرا رہے ہیں اور انہیں ووٹ ڈالنے سے روک رہے ہیں - لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جانی چاہیے-سی ایم بنرجی جو علاقے میں سیاسی رہنماؤں پر پابندی عائد کرنے کی وجہ سے موقع پر نہیں جاسکیں - انہوں نے کچھ غمزدہ خاندانوں سے ویڈیو کال کے ذریعے بھی گفتگو کی-ایک دن پہلے ہی ممتا بنرجی نے کوچ بہار میں فائرنگ میں 4؍ افراد کی ہلاکت کے تناظر میں کہا تھا کہ ان کی حکومت سی آئی ڈی جانچ کرے گی -