لوک سبھا انتخابات 2024: دوسرے مرحلہ میں 88 سیٹوں پر ووٹنگ ختم، 1200 سے زائد امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں قید

Source: S.O. News Service | Published on 27th April 2024, 12:03 PM | ملکی خبریں |

نئی دہلی، 27/اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) لوک سبھا انتخاب 2024 کا دوسرا مرحلہ جمعہ کی شام 6 بجے انجام پذیر ہو گیا۔ دوسرے مرحلہ میں 13 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 88 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے جس میں 1200 سے زائد امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید ہو گیا ہے۔ ووٹنگ ختم ہونے کے بعد سبھی ای وی ایم کو سیل کر دیا گیا ہے جو 4 جون کو ووٹ شماری کے لیے کھلے گا اور نتائج اسی دن برآمد ہو جائیں گے۔

دوسرے مرحلہ میں کیرالہ کی سبھی 20 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ اس کے علاوہ کرناٹک کی 14، راجستھان کی 13، اتر پردیش کی 8، مہاراشٹر کی 8، مدھیہ پردیش کی 6، آسام کی 5، بہار کی 5، چھتیس گڑھ کی 3، مغربی بنگال کی 3 اور تریپورہ، منی پور اور جموں و کشمیر کی 1-1 سیٹ پر ووٹرس نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

ووٹنگ کا حتمی فیصد سامنے نہیں آیا ہے، لیکن 5 بجے تک ڈالے گئے ووٹ کا فیصد الیکشن کمیشن نے جاری کر دیا ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق تریپورہ و منی پور میں سب سے زیادہ 77 فیصد اور 76 فیصد ووٹ ڈالے گئے، جبکہ اتر پردیش میں سب سے کم 52 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ انتخابی کمیشن کے مطابق شام 5 بجے تک آسام میں 70.66 فیصد، بہار میں 53.03 فیصد، چھتیس گڑھ میں 72.13 فیصد، جموں و کشمیر میں 67.22 فیصد، کرناٹک میں 63.90 فیصد، کیرالہ میں 63.97 فیصد، مدھیہ پردیش میں 54.83 فیصد، مہاراشٹر میں 53.51 فیصد، منی پور میں 76.06 فیصد، راجستھان میں 59.19 فیصد، تریپورہ میں 77.53 فیصد، اتر پردیش میں 52.74 فیصد اور مغربی بنگال میں 71.84 فیصد حق رائے دہی درج ہوئی  ہے۔

دوسرے مرحلہ میں کیرالہ کی وائناڈ سیٹ سے راہل گاندھی اور تروونت پورم سے ششی تھرور میدان میں  ہیں۔ ششی تھرور کا مقابلہ مرکزی وزیر اور بی جے پی امیدوار راجیو چندرشیکھر سے ہے۔ دیگر اہم امیدواروں میں متھرا سے ہیما مالنی، راج نندگاؤں سے بھوپیش بگھیل، بنگلورو دیہی سے ڈی کے سریش اور بنگلورو جنوب سے تیجسوی سوریہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں راجستھان کی کوٹہ سیٹ سے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا بی جے پی امیدوار ہیں اور بہار کے پورنیہ سے پپو یادو نے بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سبھی پولنگ مراکز پر مائیکرو آبزرور کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ 50 فیصد سے زیادہ پولنگ مراکز پر ویب کاسٹنگ کی گئی۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زیادہ پولنگ مراکز پر ویب کاسٹنگ کی سہولت مہیا کی گئی تھی۔

بہرحال، جن 88 لوک سبھا سیٹوں پر دوسرے مرحلہ میں ووٹ ڈالے گئے ہیں، 2019 لوک سبھا انتخاب کے دوران ان میں سے 52 سیٹیں بی جے پی کو حاصل ہوئی تھیں۔ 2024 لوک سبھا  انتخاب سے عین قبل دو آزاد اراکین پارلیمنٹ بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے جس سے یہ تعداد بڑھ کر 54 ہو گئی۔ کانگریس کو دوسرے مرحلہ کی 88 سیٹوں میں سے 18 سیٹیں اور شیوسینا و جنتا دل یو کو 4-4 سیٹیں ملی تھیں۔ بقیہ 10 سیٹیں دیگر کے حصے میں گئی تھیں۔ اس بار کے انتخابات میں  یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ  بی جے پی اپنی نشستیں بحال رکھنے میں کامیاب ہوتی ہیں یا پھر  اُن کا سوپڑا  صاف ہوگا۔

ایک نظر اس پر بھی

4 جون کو این ڈی اے حکومت گرنے والی ہے، وزیر اعظم مودی خوفزدہ: تیجسوی یادو

 بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے وزیر اعظم مودی کو نشانہ پر لیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 4 جون کو این ڈی اے حکومت گرنے جا رہی ہے۔ تیجسوی یادو پٹنہ میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

وقت بدل رہا ہے، دوست دوست نہ رہا، پی ایم مودی کے بیان پر ملکارجن کھرگے کا جوابی حملہ

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے اڈانی-امبانی کے حوالے سے راہل گاندھی پر وزیر اعظم مودی کی تنقید کا سخت جواب دیا ہے۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت بدل رہا ہے۔ انتخابات کے تین مراحل ہو چکے ہیں اورمودی جی اپنے ہی دوستوں پر حملہ آور ہو گئے ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ...

تیسرے مرحلے کی ووٹنگ کا حتمی ڈیٹا جاری، آسام میں سب سے زیادہ 81، یوپی میں سب سے کم 57 فیصد ووٹنگ

لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کی ووٹنگ کل (7 مئی) کو مکمل ہو گئی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے رات 11.40 بجے جاری حتمی اعداد و شمار کے مطابق 11 ریاستوں کے 93 لوک سبھا حلقوں میں ووٹنگ کی تعداد 64.40 رہی جبکہ الیکشن کمیشن کی بہت سی کوششوں کے باوجود اس بار بھی ووٹنگ کی فیصد 2019 سے 2.09 کم رہی۔ جن ...

283 سیٹوں پر ووٹنگ ختم، وزیر اعظم کے چہرے پر گھبراہٹ صاف نظر آ رہی، تیسرے مرحلہ کے بعد کانگریس کا رد عمل

لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر آج پورے ملک میں تیسرے مرحلے کی پولنگ ہوئی۔ اس طرح 283 سیٹوں پر کھڑے سبھی امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید ہو گیا۔ تیسرے مرحلے کی ووٹنگ ختم ہونے کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں ووٹنگ ٹرینڈ کو ...