پاکستان دہشت گردی کی پالیسی نہیں چھوڑتاتوہم جواب دیتے رہیں گے:فوجی سربراہ منوج مکند نروے
نئی دہلی،4/مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بری فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند نروے نے کہاہے کہ پاکستان اب بھی بھارت میں دہشت گردوں کو آگے بڑھانے کے اپنے حقیر ایجنڈے پر کام کر رہاہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہاہے کہ جب تک پڑوسی ملک دہشت گردی کی اپنی پالیسی نہیں چھوڑتا، ہم مناسب اور درست جواب دینا جاری رکھیں گے۔
بری فوج کے سربراہ نے کہاہے کہ بھارت جنگ بندی کی خلاف ورزی اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والی تمام کارروائیوں کا کرارا جواب دے گا۔ بری فوج میں 13 لاکھ جوان ہیں۔ انہوں نے کپواڑہ تصادم پرکہاہے کہ بھارت کو اپنے ان پانچ سکیورٹی اہلکاروں پرفخرہے جنہوں نے کشمیر کے ایک گاؤں میں دہشت گردوں سے عام شہریوں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔
انہوں نے کرنل آشوتوش شرما کی خاص طور پر تعریف کی جنہوں نے اس آپریشن کی قیادت کی۔جنرل نروے نے کہاہے کہ میں زور دینا چاہوں گا کہ ہندوستانی فوج جنگ بندی کی خلاف ورزی اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والی تمام کارروائیوں کا کرارا جواب دے گی۔ علاقے میں امن بحال کرنے کی ذمہ داری پاکستان پرہے۔ انہوں نے کہاہے کہ پاکستان جب تک ریاست کی طرف سے اسپانسر دہشت گردی کی اپنی پالیسی نہیں چھوڑتا، ہم مناسب اور درست جواب دیناجاری رکھیں گے۔