گدگ 23 / اپریل (ایس او نیوز) چار دن قبل گدگ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کو جو بہیمانہ قتل ہوا تھا اس معاملے کو حل کرتے ہوئے پولیس نے 8 کرایے کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
نارتھ ژون کے آئی جی پی وکاس کمار وکاس نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اپنے گھر والوں کو قتل کرنے کے لئے سٹی میونسپل کاونسل کے سابق صدر اور بی جے پی لیڈر پرکاش باکلے کی پہلی بیوی کے بیٹے ونائیک باکلے (31 سال) نے ہی سپاری دی تھی ۔ اس ضمن میں پولیس نے ونائیک بالکے کے علاوہ گدگ کے رہنے والے فیروز قاضی (29 سال)، ذیشان قاضی (24 سال)، مہاراشٹرا میرج کے رہنے والے ساحل قاضی (19 سال)، سہیل قاضی (18 سال)، سلطان شیخ (23 سال)، مہیش جگناتھ سولنکے (21 سال) اور واحد بیپاری نامی کرایے کے قاتلوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
پولیس کے بیان کے مطابق چھ مہینے قبل جائداد کے مسئلے پر ونائیک اور اس کے والد پرکاش باکلے کے درمیان جھگڑا ہوا تھا ۔ پرکاش نے اپنے بیٹے ونائیک کو اپنی اجازت کے بغیر جائداد فروخت نہ کرنے کی سخت تاکید کی تھی ۔ اس سے ناراض ہو کر ونائیک نے اپنی سوتیلی ماں سونندا اور اس کے بیٹے کارتھک کو قتل کرنے کی سازش رچی اور اس پر عمل کرنے کے لئے فیروز قاضی کو 65 لاکھ روپے کی سپاری دینے کا معاملہ طے ہوا ۔ پیشگی رقم کے طور پر اس نے 2 لاکھ روپے ادا کیے ۔
قتل کے منصوبے پر عمل کرنے کے لئے کرایے کے قاتلوں نے 19 اپریل کو علی الصبح پرکاش باکلے کے گھر پر دھاوا بولا اور کارتھک باکلے، ان کے رشتے دار پرشورام ہادیمنی اور ان کی بیوی لکشمی اور بیٹی آکانکشا کو قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے ۔
پولیس نے اس معاملے کو بڑی سنجیدگی سے لیتے ہوئے بڑی مستعدی کے ساتھ تفتیش شروع کی اور واردات انجام پانے کے 72 گھنٹوں کے اندر اس مسئلے کو حل کرتے ہوئے سازش رچنے والے ونائیک سمیت کرایے کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا ۔
تفتیش اور گرفتاری کی کارروائی انجام دینے والی پولیس ٹیم کو ڈائریکٹر جنرل اور انسپکٹر جنرل آف پولیس آلوک موہن نے 5 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔