بینگلورو کے قریب ڈوڈّا بلّاپور میں ایک ہی خاندان کے چار افراد فوت ؛ کیا مچھروں کو بھگانے کی کوشش میں اُترگئے موت کے گھاٹ ؟

بینگلورو 19 / ستمبر (ایس او نیوز) پولٹری فارم میں ملازمت کرنے والے ایک ہی خاندان کے چار افراد نیند کی حالت میں فوت ہوگئے ، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ دم گھٹنے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی ہوگی ۔
فوت ہونے والے افراد کی شناخت کالے ساریرا (60 سال)، اس کی بیوی لکشمی ساریرا (50 سال)، رشتہ دار اوشا ساریرا (40 سال) اور پھول ساریرا (16 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ یہ سب نیپالی باشندے تھے ۔ واردات اتوار کو بینگلورسے قریب 40 کلو میٹر دور ڈوڈّا بلّاپور تعلقہ کے ڈوڈابیلونگلا میں پیش آئی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ سبھی ایک پولٹری فارم میں ملازمت کرنے کے لئے ایک ہفتے پہلے ہی آئے تھے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پولٹری فارم سے متصل ایک شیڈ میں ان کا قیام تھا ۔ انہوں نے رات کے وقت مچھروں کو بھگانے کے لئے ایک ڈبے سے بنے چولھے میں لکڑیاں جلا رکھی تھیں ۔ چونکہ شیڈ میں ہوا کے اخراج کے لئے مناسب راستہ نہیں تھا اس لئے رات کے وقت چولھے میں سلگتی ہوئی لکڑیوں سے اٹھنے والا دھواں کمرے میں بھر گیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ نیند کی حالت میں دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ صبح کے وقت جب پولٹری فارم کے مالک نے انہیں آواز دی تو شیڈ کے اندر سے کوئی جواب نہیں آیا ۔ پھر پڑوسیوں نے دروازہ توڑ کر دیکھا تو اندر چاروں کی لاشیں پڑی ہوئی تھیں ۔
پولیس نے لاشوں کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے ایک غیر فطری موت کا کیس درج کیا ہے اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے قریبی اسپتال بھیج دیا ہے۔ پولس مزید چھان بین کررہی ہے ۔