بھٹکل میں ایک کار اورایک بائک کو ضبط کیا گیا؛ کورونا لاک ڈاؤن کی خلا ف ورزی کرنے پر ضلع میں دس معاملات درج؛ایس پی کا بیان

Source: S.O. News Service | Published on 3rd April 2020, 12:02 AM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 2/اپریل (ایس اونیوز) کوروناوائرس کی وبا ء کے پس منظر میں ضلع شمالی کینرا میں جو لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی کارروائی کے لئے معاملات درج کیے گئے ہیں۔ جس کے تحت بھٹکل میں ایک کار اور ایک بائک کو ضبط کیا گیا ہے۔ ضلع ایس پی شیوپرکاش دیوراج نے کاروار اپنے دفتر میں منعقدہ  پریس سے ملاقات کے دوران بتایا کہ دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات جاری کرنے کے بعدمحکمہ پولیس نے 16چیک پوسٹس قائم کیے ہیں اور ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جارہی ہے۔

ایس پی نے بتایا کہ جاری ایک ہفتے کے عرصے میں ضلع کے مختلف مقامات پر 10معاملات درج کیے گئے ہیں۔رام نگر، ملّا پور اور کدرا میں ایک ایک معاملہ درج ہوا ہے جبکہ بھٹکل میں 3معاملات درج کیے گئے ہیں۔ ہلیال میں 2، ڈانڈیلی میں 2معاملات درج ہوئے۔ اسی طرح گزشتہ ہفتے میں 24مارچ کے ایک ہی دن میں 20افراد کے خلاف معاملات درج ہوئے تھے۔ ان میں ۹ ملزمین کوحراست میں لے کر عدالت میں پیش کیاگیا ہے جبکہ ضلع میں 4 موٹر بائکس اور ایک کار کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔

ایس پی نے بتایا کہ دہلی میں تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شریک ہونے والے ضلع کے افراد کی نشاندہی کرکے انہیں گھر میں کورنٹائن کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت کے اجتماع میں شریک ہونا کوئی غلط بات نہیں ہے، لیکن کورونا وائرس وباء پھوٹ پڑنے کی وجہ سے ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ خود ہی طبی معائنے کے لئے حاضر ہوجائیں۔اگر کوئی ایسی معلومات پوشیدہ رکھتا ہے تو پھر وہ قصور وار ٹھہرتا ہے۔مزید کہا کہ لوگوں کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اپنے اہل و عیال اور سماج کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں امتناعی احکامات سختی کے ساتھ لاگو کیے جارہے ہیں اور جو بھی خلاف ورزی کرے گا اس پرسخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے باہر نہ نکلتے ہوئے امن وامان کے ساتھ پولیس کے تعاون کریں۔

ایک نظر اس پر بھی