اسرائیل کے لئے مہنگا ثابت ہو سکتا ہے: براک اوباما
واشنگٹن، 24/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دھیرے دھیرے مغربی ممالک اسرائیل کو جنگ بندی کے لئے مشورہ دینے لگے ہیں ۔ یہ صورتحال غزہ میں اسپتل پر ہوئی بمباری کے بعد بہت تیزی سے بدلی ہے جبکہ اسرائیل نے ان حملوں میں اپنے ہاتھ ہونے سے انکار کیا ہے۔
حالات بہت تیزی سے بدل رہے ہیں اور اب حماس اسرائیل جنگ کے درمیان سابق امریکی صدر براک اوباما نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر اسرائیل نے جنگ میں غزہ کے شہریوں کے انسانی پہلو کو نظر انداز کیا تو اسے اس کے نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں‘۔ اوباما نے کہا کہ 'اگر اسرائیل غزہ پر حملے جاری رکھتا ہے تو عالمی سطح پر اس کی حمایت کمزور ہو جائے گی جسے دشمن ممالک اپنے حق میں ماحول بنانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں'۔
دوسری جانب اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں مغربی ممالک میں مظاہروں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ چین اور روس بھی اسرائیل کی مخالفت کرتے ہوئے مغربی ممالک کو گھیرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔