غزہ 16/نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی) فلسطین کے عام لوگوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جس میں بے قصور لوگ مارے جارہے ہیں، تازہ معاملہ مسجد پر بمباری کا سامنے آیا ہے جس میں پچا س نمازی شہید ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق جمعرات کو اسرائیلی فضائیہ کی غزہ میں مسجد پر بمباری سے 50 نمازی شہید ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے وسطی علاقے سبرا میں نمازیوں سے بھری مسجد کونشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں درجنوں نمازی زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب صیہونی فوج نے اردن کے فیلڈ اسپتال کو بھی نہیں بخشا۔ بمباری سے فیلڈ اسپتال کے 7 ارکان زخمی ہوگئے۔غزہ پر اسرائیل کے حملوں کو 40 روز گزر چکے ہیں اور ان حملوں میں اب تک ساڑھے 11 ہزار فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔