ہبلی، 20 ستمبر (ایس او نیوز):اولڈ ہبلی علاقے کے ایودھیا نگر میں گیس لیکیج کے باعث سلنڈر میں
دھماکہ ہونے سے دو افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔ حادثہ ایک مکان میں پیش آیا، جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق گیس لیک ہونے کے بعد آگ لگی اور اس کے بعد سلنڈر پھٹ گیا۔
متوفین کی شناخت پروین کلال (46) اور موہن کلال (40) کے طور پر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پروین کلال کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے موہن کلال کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔
حادثے میں سمن کلال نامی خاتون بھی شدید زخمی ہوئی ہیں۔ انہیں فوری طور پر ہبلی کے کِمس اسپتال (KIMS) منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق متوفی پروین کلال کے ای بی کے ملازم تھے۔ حادثہ اولڈ ہبلی پولیس تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ اطلاع ملنے کے بعد مقامی افراد اور متعلقہ عملہ موقع پر پہنچا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا ہے۔
پولیس اور متعلقہ حکام کی جانب سے گیس لیکیج کی اصل وجہ اور سلنڈر پھٹنے کے حالات کی جانچ کی جارہی ہے۔ فی الحال دستیاب رپورٹس میں یہ بات ابتدائی طور پر سامنے آئی ہے کہ مکان میں گیس لیک ہونے کے بعد آگ بھڑکی اور اس کے نتیجے میں سلنڈر میں دھماکہ ہوا۔