عجمان، 18 /جون(ایس او نیوز ) :تھمبے گروپ کے میڈیا اور پبلشنگ شعبہ تھمبے میڈیانے خلیجی ممالک میں مقیم کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں، پیشہ ور افراد اور تارکینِ وطن کے لیے ایک نئے دوماہی (Bi-Monthly) پرنٹ و ڈیجیٹل میگزین ’’لونگ گلف‘‘ (Living Gulf) کا آغاز کیا ہے۔ اس نئی اشاعت کے ساتھ تھمبے میڈیا شمالی امارات کا پہلا اور سب سے بڑا پبلشر بن گیا ہے، جس کے تحت اب پانچ مختلف میگزین شائع کیے جا رہے ہیں۔
تھمبے میڈیا گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے اشاعتی میدان میں سرگرم ہے۔ اس کا معروف جریدہ ’’ہیلتھ میگزین‘‘ متحدہ عرب امارات کے طویل عرصے سے جاری صحت سے متعلق معتبر رسائل میں شمار ہوتا ہے۔ ’’لونگ گلف‘‘ کے اجرا کے بعد تھمبے میڈیا کے میگزینوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے، جو صحت، طرزِ زندگی، تعلیم، سماجی سرگرمیوں اور کمیونٹی سے متعلق مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔
تھمبے میڈیا کے موجودہ اشاعتی پورٹ فولیو میں ہیلتھ میگزین، لونگ گلف، گلف ایجوکیشن، گلف پیٹس اینڈ ویٹس اورگلف کلینری اینڈ ہاسپیٹیلٹی شامل ہیں۔ یہ تمام رسائل پرنٹ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے قارئین تک پہنچتے ہیں، جس کے باعث تھمبے میڈیا عجمان میں قائم سب سے وسیع اشاعتی ادارہ بن چکا ہے۔ ادارے نے اعلان کیا ہے کہ تمام رسائل میں متعلقہ شعبوں سے وابستہ درجہ بندیوں (Rankings) اور ایوارڈز کو بھی شامل کیا جائے گا۔
نیا میگزین ’’لونگ گلف‘‘ خلیجی خطے کی زندگی، ثقافت، سماجی تنوع اور یہاں بسنے والی مختلف قومیتوں کی کامیابیوں اور تجربات کو اجاگر کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔ میگزین کا ہدف ان افراد اور برادریوں کی کہانیاں پیش کرنا ہے جنہوں نے خلیج میں اپنی محنت اور صلاحیتوں کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
یہ میگزین پورے خطے میں تقریباً 8,000 تقسیم مراکزپر دستیاب ہوگا، جبکہ اس کا ڈیجیٹل ایڈیشن ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی قارئین تک پہنچے گا۔
تھمبے گروپ کے بانی صدر ڈاکٹر تھمبے محی الدین نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے 27 سال قبل صرف ایک اشاعت ’’ہیلتھ‘‘ کے ساتھ تھمبے میڈیا کی بنیاد رکھی تھی، جو آج پانچ میگزینوں پر مشتمل ایک بڑے اشاعتی ادارے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ ان کے مطابق ادارے کا مقصد خلیجی خطے میں اشاعت، تقریبات کے انعقاد، برانڈ پروموشن اور میڈیا خدمات کے میدان میں نمایاں قیادت حاصل کرنا ہے۔
’’لونگ گلف‘‘ کے افتتاحی شمارے کے سرورق پر معروف صنعت کار، کاروباری شخصیت اور مخیرِ انسان ڈاکٹر فیصل ای۔ کوٹیکولون کو جگہ دی گئی ہے۔ ان کی زندگی اور کامیابیوں کو خلیج میں بسنے والے لاکھوں تارکینِ وطن کے خوابوں، محنت اور عزم کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ کاروباری کامیابیوں کے ساتھ ساتھ سماجی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں میں ان کا کردار بھی نمایاں رہا ہے، جس کی وجہ سے انہیں افتتاحی شمارے کا چہرہ منتخب کیا گیا۔
تھمبے میڈیا، جو تھمبے گروپ کا میڈیا و پبلشنگ بازو ہے، اشاعت کے علاوہ برانڈنگ، پبلک ریلیشنز، سوشل میڈیا حکمتِ عملی، تقریبات، گریجویشن تقاریب اور ایوارڈ پروگراموں کے انعقاد سمیت جامع میڈیا خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔