
دبئی، 23/ اپریل (ایس او نیوز) متحدہ عرب امارات کے عجمان میں قائم گلف میڈیکل یونیورسٹی میں حال ہی میں تُھمبے انٹرنیشنل ریسرچ گرانٹ کی تقریب کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔
اس تقریب کا انعقاد یو اے ای میں موجود تھمبے گروپ کی طرف سے کیا گیا تھا ، جس میں عجمان کے شہزادے عمار بن حمید النعیمی کے نمائندے ڈاکٹر شیخ ماجد بن سعید النعیمی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اپنے ہاتھوں سے ریسرچ کے لئے منتخب ہونے والوں کو فنڈ تفویض کیا۔
یہ انٹر نیشنل ریسرچ فنڈ ادویات کی تیاری، ادویات پر تحقیق، سرطان، ذیابیطیس پر تحقیق، مصنوعی ذہانت، طبی خدمات، طبی تعلیم جیسے مخلتف اور وسیع موضوعات پر تحقیق کے لئے فراہم کیا جاتا ہے ۔ انٹرنیشنل ریسرچ گرانٹ کے لئے موصول ہونے والی درخواستوں میں 34 یونیورسٹیوں کی 192 درخواستوں کو منظور کیا گیا ہے ۔ اس اسکیم کے تحت 14 منصوبوں کے لئے فنڈ فراہم کیا جائے گا ۔
اس تقریب میں ابتدائی گفتگو کرتے ہوئے گلف میڈیکل یونیورسٹی کے بانی اور تھمبے گروپ کے صدر ڈاکٹر تھمبے محی الدین نے کہا کہ ہم نے گلف میڈیکل یونیورسٹی کو ریسرچ مرکز میں تبدیل کرنے کے مقصد سے یہ ریسرچ گرانٹ اسکیم شروع کی ہے ۔ دس سال کے وقفے میں ریسرچ گرانٹ کی رقم 10 ملین درہم تک پہنچنے والی ہے ۔
گلف میڈیکل یونیورسٹی کے انچارج چانسلر پروفیسر مندوینکٹرمن نے بتایا کہ گلف میڈیکل یونیورسٹی کی طرف سے جاری کیے گئے اس ریسرچ فنڈ سے طبی موضوعات پر مختلف زاویوں سے معیاری تحقیق و تفتیش کی پشت پناہی ہوگی۔
گلف میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سلیم نے کہا کہ انٹرنیشنل ریسرچ گرانٹ کے تحت جن منصوبوں کے لئے فنڈ منظور کیا گیا ہے اس سے عصری تعلیم اور تحقیق و تفتیش کی راہ میں ایک نئی راہ کھلے گی۔