ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / دبئی: تھمبے گروپ نے رکھی جدید ویٹرنری اسپتال اور کالج کی بنیاد؛ عرب امارات میں نجی ویٹرنری تعلیم و علاج کا پہلا منصوبہ

دبئی: تھمبے گروپ نے رکھی جدید ویٹرنری اسپتال اور کالج کی بنیاد؛ عرب امارات میں نجی ویٹرنری تعلیم و علاج کا پہلا منصوبہ

Tue, 19 May 2026 19:00:29    S O News
دبئی: تھمبے گروپ نے رکھی جدید ویٹرنری اسپتال اور کالج کی بنیاد؛ عرب امارات میں نجی ویٹرنری تعلیم و علاج کا پہلا منصوبہ

دبئی 19/ مئی (ایس او نیوز ) متحدہ عرب امارات کے عجمان میں قائم تھمبے گروپ نے اپنی نوعیت کے پہلے نجی ویٹرنری ٹیچنگ اسپتال اورکالج آف ویٹرنری میڈیسن کی بنیاد رکھی، جس کا مقصد جانوروں کے علاج معالجے اور ویٹرنری تعلیم کے شعبے میں ایک نیا دور شروع کرنا ہے۔ یہ منصوبہ تھمبے میڈیسٹی،عجمان  میں شروع کیا گیا، جہاں تقریب میں امیرِعجمان کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ عما ر بن  حمید  النعیمی  نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ تھمبے گروپ کے بانی و صدر ڈاکٹر تھمبے محی الدین بھی موجود تھے۔

اب تک یو اے ای میں اعلیٰ معیار کی ویٹرنری تعلیم اور جدید علاج کے لیے زیادہ تر سرکاری اداروں یا بیرونِ ملک تعلیم پر انحصار کیا جاتا تھا، تاہم تھمبے ویٹرنری اسپتال اور تھمبے کالج آف ویٹرنری میڈیسن کے قیام سے یہ خلا پر ہونے کی توقع ہے۔ اس اسپتال میں پالتو جانوروں جیسے کتے، بلیاں اور ایکزوٹک جانوروں کے ساتھ ساتھ بڑے جانوروں جیسے گھوڑے، اونٹ اور مویشیوں کا بھی علاج کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت ایک جدید ٹیچنگ فارم بھی قائم کیا جائے گا، جہاں طلبہ کو عملی تربیت فراہم کی جائے گی، جس میں لائیو اسٹاک مینجمنٹ، ریوڑ کی صحت اور فارم مینجمنٹ جیسے اہم شعبے شامل ہوں گے۔ یہ اقدام طلبہ کو کلاس روم کے ساتھ ساتھ فیلڈ میں بھی مکمل عملی تجربہ فراہم کرے گا۔

یہ کالج گلف میڈیکل یونیورسٹی (GMU) کے تحت کام کرے گا، جو تھمبے گروپ کا مرکزی تعلیمی ادارہ ہے۔ ادارے کی انتظامیہ کے مطابق ویٹرنری ڈاکٹر آف میڈیسن (DVM) پروگرام اس کا اہم تعلیمی کورس ہوگا، جو طلبہ کو کلینیکل ایکسپوژر، تحقیق اور جدید سائنسی طریقہ کار کی بنیاد پر تیار کرے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے گریجویٹس کو پالتو جانوروں، گھوڑوں، مویشیوں، جنگلی حیات اور پبلک ہیلتھ کے شعبوں میں کام کرنے کی تربیت دی جائے گی۔

کالج نے متعدد مقامی اور بین الاقوامی ویٹرنری اداروں اور تحقیقی مراکز کے ساتھ شراکت داری بھی قائم کی ہے، جن میں رائل ویٹرنری کالج لندن، شارجہ ایکوائن اسپتال، شارجہ فالکن اسپتال، یو اے ای کے یو اے کیو کیمل بریڈنگ سینٹر، اور دیگر عالمی و علاقائی ادارے شامل ہیں۔ ان شراکت داریوں کے ذریعے طلبہ کو مختلف جانوروں اور اسپیشلائزڈ فیلڈز میں عملی تربیت حاصل ہوگی۔

H E Sheikh Dr Majid Bin Saeed Al Nuaimi

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر تھمبے  محی الدین  نے کہا کہ تھمبے گروپ کا مقصد گزشتہ تین دہائیوں سے یو اے ای میں عالمی معیار کی صحت اور تعلیم فراہم کرنا رہا ہے، اور اب اسی وژن کو جانوروں کی صحت اور ویٹرنری تعلیم تک وسعت دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ ادارہ نہ صرف علاج معالجے میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ خطے میں ویٹرنری ماہرین کی کمی کو بھی پورا کرے گا۔

گلف میڈیکل یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر منڈا وینکٹ رمن نے کہا کہ یہ منصوبہ طلبہ کو ایک ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرے گا جو دنیا کے چند بہترین ویٹرنری اداروں کے برابر ہوگا، جہاں کلینیکل ٹریننگ، تحقیق اور عملی تجربہ ایک ہی جگہ دستیاب ہوگا۔

اسپتال  میں جدید سہولیات جیسے سرجری، تشخیصی امیجنگ، انتہائی نگہداشت یونٹ، لیبارٹری اور علیحدہ آئسولیشن وارڈز شامل ہوں گے، جبکہ مستقبل میں ٹیچنگ فارم کے مکمل فعال ہونے سے طلبہ کو مکمل فیلڈ ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی۔


Share: