ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / ٹی-20 ورلڈ کپ 2026: ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 96 رن سے ہرا کر ریکارڈ تیسری بار ٹرافی جیت لی

ٹی-20 ورلڈ کپ 2026: ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 96 رن سے ہرا کر ریکارڈ تیسری بار ٹرافی جیت لی

Mon, 09 Mar 2026 10:50:56    S O News
ٹی-20 ورلڈ کپ 2026: ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 96 رن سے ہرا کر ریکارڈ تیسری بار ٹرافی جیت لی

احمد آباد، 9/ مارچ (ایس او نیوز / ایجنسی)ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کا خطاب اپنے نام کر کے تاریخ رقم کر دی۔ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے میں 96 رن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی ٹرافی جیت لی۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہندوستان ٹی-20 ورلڈ کپ تین مرتبہ جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گیا ہے، جبکہ مسلسل دوسری بار یہ خطاب اپنے نام کرنے والی بھی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 255 رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 159 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی اور اس طرح ہندوستان نے 96 رن کے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی۔

ہندوستان کو تیز رفتار آغاز ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن نے فراہم کیا۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے صرف 7.1 اوورز میں 98 رن کی شراکت قائم کی۔ ابھیشیک شرما نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 21 گیندوں پر 52 رن بنائے اور ٹی-20 ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ میچ میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

سنجو سیمسن نے فائنل میں شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 46 گیندوں پر 89 رن بنائے، جس میں 5 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ ان کی یہ اننگز ٹیم کی فتح میں کلیدی ثابت ہوئی۔ اس کے علاوہ ایشان کشن نے بھی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 25 گیندوں پر 54 رن اسکور کیے۔ آخری اوورز میں شیوم دوبے نے صرف 8 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 26 رن بنا کر ٹیم کے اسکور کو 255 تک پہنچا دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے 256 رن کے مشکل ہدف کے تعاقب میں ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ فن ایلن صرف 9 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ رچن رویندر ایک رن اور گلین فلپس 5 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیرل مچل بھی صرف 17 رن بنا سکے۔ ایک جانب وکٹیں گرتی رہیں تاہم ٹم سیفرٹ نے 26 گیندوں پر 52 رن کی جارحانہ اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت دکھائی۔ کپتان مچل سینٹنر نے بھی 35 گیندوں پر 43 رن بنائے، مگر دیگر بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور پوری ٹیم 159 رن پر ڈھیر ہو گئی۔

ہندوستان کی جانب سے گیند بازی میں جسپریت بمراہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوور میں صرف 15 رن دے کر 4 اہم وکٹ حاصل کیے اور انہیں پلیئر آف دی فائنل قرار دیا گیا۔ اکشر پٹیل نے بھی مؤثر بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹ حاصل کیے، جبکہ ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتی نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

ٹورنامنٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی دکھانے پر سنجو سیمسن کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے خواب کے سچ ہونے جیسا ہے اور وہ اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔

اس تاریخی کامیابی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے فاتح ٹیم پر انعامی رقم کی بارش بھی ہوئی۔ ہندوستانی ٹیم کو عالمی چیمپئن بننے پر 3 ملین ڈالر یعنی تقریباً 27 کروڑ 48 لاکھ روپے انعام میں دیے گئے، جبکہ رنر اپ نیوزی لینڈ کو 1.6 ملین ڈالر (تقریباً 14 کروڑ 65 لاکھ روپے) ملے۔ سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیموں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کو بھی 7 لاکھ 90 ہزار ڈالر یعنی تقریباً 7 کروڑ 24 لاکھ روپے دیے گئے۔


Share: