احمد آباد، 23 فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے میں جنوبی افریقہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کے مسلسل فتوحات کے سلسلے کو روک دیا۔ نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو 76 رن کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گروپ مرحلے میں لگاتار چار کامیابیوں کے بعد یہ ہندوستان کی پہلی ناکامی رہی۔
188 رن کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ ایشان کشن کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے جبکہ تلک ورما صرف ایک رن بنا سکے۔ ابھیشیک شرما نے 12 گیندوں پر 15 رن بنائے مگر وہ بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔ کپتان سوریہ کمار یادو 18 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ واشنگٹن سندر (11) اور ہاردک پانڈیا (18) بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
رنکو سنگھ بغیر کھاتہ کھولے کیشو مہاراج کی گیند پر ٹرسٹن اسٹبس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ ارشدیپ سنگھ ایک رن اور جسپریت بمراہ صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ پوری ہندوستانی ٹیم صرف 111 رن پر ڈھیر ہو گئی۔ شیوم دوبے نے 37 گیندوں پر 42 رن کی مزاحمتی اننگز کھیلی، مگر وہ ٹیم کو بڑی شکست سے نہ بچا سکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانسن نے تباہ کن گیند بازی کرتے ہوئے 3.5 اوور میں 22 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیشو مہاراج نے 24 رن کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوور میں 187 رن بنائے۔ ابتدائی جھٹکوں کے باوجود ٹیم نے شاندار واپسی کی۔ کوئنٹن ڈی کاک (6)، کپتان ایڈن مارکرم (4) اور ریان رکلٹن (7) جلد آؤٹ ہو گئے تھے، مگر اس کے بعد ڈیوالڈ بریوس اور ڈیوڈ ملر نے چوتھی وکٹ کے لیے 97 رن کی اہم شراکت قائم کر کے اننگز کو سنبھالا۔
بریوس نے 29 گیندوں پر 45 رن بنائے، جبکہ ڈیوڈ ملر نے جارحانہ انداز میں 35 گیندوں پر 63 رن اسکور کیے، جس میں سات چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ ٹرسٹن اسٹبس نے 24 گیندوں پر ناقابل شکست 44 رن بنا کر ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔
ہند و ستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے چار اوور میں صرف 15 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ارشدیپ سنگھ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاندار بیٹنگ پر ڈیوڈ ملر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس فتح کے ساتھ جنوبی افریقہ کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں، جبکہ ہندوستان کو آئندہ میچوں میں واپسی کے لیے اپنی حکمت عملی پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔