ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں پسماندہ طبقات کا سب سے بڑا سماجی و تعلیمی سروے شروع، وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ سے ہاؤس لسٹنگ ایکسرسائز کا افتتاح

کرناٹک میں پسماندہ طبقات کا سب سے بڑا سماجی و تعلیمی سروے شروع، وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ سے ہاؤس لسٹنگ ایکسرسائز کا افتتاح

Sat, 06 Sep 2025 11:38:15    S O News

بنگلورو، 6؍ ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی):کرناٹک پسماندہ طبقات کمیشن نے ریاست میں عوام کی سماجی اور تعلیمی صورتحال کا جامع جائزہ لینے کے مقصد سے بڑے پیمانے پر ایک تاریخی سروے کا آغاز کیا ہے۔ اس سروے کے پہلے مرحلے کے طور پر "ہاؤس لسٹنگ ایکسرسائز" شروع کی گئی ہے، جس کا افتتاح وزیراعلیٰ سدارامیا کی سرکاری رہائش گاہ ’کاویری‘ سے عمل میں آیا۔ کمیشن کے اہلکاروں نے وزیراعلیٰ کی رہائش پر پہنچ کر باقاعدہ اسٹیکر چسپاں کرکے اس مشق کا آغاز کیا۔

کمیشن کے مطابق اس ابتدائی مرحلے میں ہر گھر کو ریزیڈنشل آر۔آر نمبر کی بنیاد پر ایک "ہاؤس ہولڈ آئی ڈی" فراہم کی جائے گی۔ انہی آئی ڈی کی بنیاد پر آگے "اینیومریشن بلاکس" (گنتی کے بلاکس) تشکیل دیے جائیں گے۔ بعدازاں ان بلاکس کے مطابق ہر علاقے میں مقررہ اساتذہ کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی تاکہ وہ گھر گھر جاکر تفصیلی اعداد و شمار جمع کرسکیں۔

یہ سروے باضابطہ طور پر 22؍ ستمبر سے شروع ہوگا، جس کے دوران ریاست کے ہر گھر تک پہنچ کر سماجی و تعلیمی حیثیت، معاشی پس منظر اور دیگر ضروری معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔

کمیشن نے واضح کیا کہ اس سروے کا مقصد ریاست کے تمام طبقات کی حقیقی اور درست سماجی و تعلیمی تصویر سامنے لانا ہے تاکہ مستقبل کی پالیسی سازی میں ان نتائج کو بنیاد بنایا جاسکے اور پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جاسکیں۔


Share: