ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سماجی کارکنان کو میڈیا سے تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے: ٹمکورو میں منعقدہ اجلاس میں صحافی یوسف کا خطاب

سماجی کارکنان کو میڈیا سے تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے: ٹمکورو میں منعقدہ اجلاس میں صحافی یوسف کا خطاب

Wed, 13 Aug 2025 15:01:31    S O News
سماجی کارکنان کو میڈیا سے تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے: ٹمکورو میں منعقدہ اجلاس میں صحافی یوسف کا خطاب

ٹمکورو 13 اگست (ایس اونیوز): آج کے دور میں میڈیا صرف ٹی وی اسکرین یا اخبار کے صفحات تک محدود نہیں، بلکہ یہ عوامی رائے تشکیل دینے کی ایک طاقتور قوت ہے۔ مگر افسوس، کئی سماجی کارکنان میڈیا کو "گودی میڈیا" اور "جھوٹی خبر" کہہ کر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خود میڈیا سے مستقل تعلق قائم رکھنے کی عادت نہیں رکھتے۔ نہ وہ اخبارات پڑھتے ہیں، نہ ٹی وی خبریں دیکھتے ہیں، اور نہ ہی آن لائن معتبر ذرائع کو فالو کرتے ہیں۔ ایسے میں وہ سماج تک صحیح معلومات پہنچانے میں کیسے کامیاب ہو سکتے ہیں؟ ان خیالات کا اظہار ٹمکورو اسلامک سینٹر میں منعقدہ پروگرام "میڈیا اور سماجی کارکنان کی ذمہ داریاں" میں خطاب کرتے ہوئے ٹمکورو کے صحافی سید یوسف اللہ نے کیا۔

یوسف نے کہا کہ اس رویے کے نتیجے میں سماجی کارکنان کے پاس اپنے کام سے متعلق درست معلومات اور اعداد و شمار کی کمی رہتی ہے، وہ سماجی مباحث میں پیچھے رہ جاتے ہیں اور عوام کو درست معلومات فراہم کرنے کی اُن کی صلاحیت کمزور ہو جاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ میڈیا سے ناواقفیت، روزمرہ خبروں کو فالو نہ کرنے کی عادت، تعصب، اور چند میڈیا اداروں کی غلطیوں کی بنیاد پر پورے میڈیا کو نظرانداز کرنے کا رجحان درست نہیں۔

tumkur-media-prog-1

میڈیا کو مکمل طور پر مسترد کرنے کے بجائے اسے ایک معاون وسیلہ بنایا جائے۔ یوسف نے مشورہ دیا کہ سماجی کارکنان روزانہ کم از کم 15 تا 20 منٹ اخبار کا مطالعہ کریں، مختلف ذرائع سے خبروں کا موازنہ کریں، میڈیا لٹریسی کی تربیت حاصل کریں تاکہ سچ اور جھوٹ میں فرق کرنے کی صلاحیت پیدا ہو، اور صحافیوں کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کریں۔

انہوں نے کہا: "سماجی کارکنان کی طاقت صرف عوام سے تعلقات میں نہیں بلکہ معلومات کی درستگی میں بھی ہے۔ میڈیا کے تعاون سے ہم سب مل کر جھوٹی خبروں کا خاتمہ کر سکتے ہیں اور سچ، امن و انصاف کو قائم رکھ سکتے ہیں۔" اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کے صدر مولانا اسرار احمد، مکرّم سید سمیت سماج کے معززین اور کئی سماجی کارکنان موجود تھے۔


Share: