ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مودی صرف تشہیر سے زندہ ہیں، مرکز نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا: سدارامیا کی کڑی تنقید

مودی صرف تشہیر سے زندہ ہیں، مرکز نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا: سدارامیا کی کڑی تنقید

Tue, 10 Jun 2025 11:47:41    S O News

میسورو، 10 جون (ایس او نیوز / ایجنسی)کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی صرف تشہیر کی بنیاد پر زندہ ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ 11 سال میں مودی حکومت نے عوامی فلاح کا کوئی بڑا کام نہیں کیا بلکہ صرف وعدے، دعوے اور جھوٹے بیانات پر انحصار کیا ہے۔

میسورو میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیاں محض عوام کو دکھاوا دینے کے لیے ہیں۔ "نوٹ بندی کی گئی، لیکن اس سے فائدہ کسی کو نہیں ہوا۔ ہر سال دو کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا، کسانوں کی فلاح و بہبود کی باتیں ہوئیں، لیکن آج تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا"، انہوں نے کہا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میڈیا بھی غیر ضروری طور پر مودی کی تشہیر میں مصروف ہے، جبکہ زمینی حقیقت یہ ہے کہ عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت کے 11 سالہ دور اقتدار میں عوام کو صرف مایوسی ملی ہے۔

اپنی حکومت کی فلاحی اسکیموں کا دفاع کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ جب کرناٹک حکومت نے "ضمانتی اسکیمیں" نافذ کیں، تو بی جے پی نے سخت تنقید کی اور کہا کہ ریاست دیوالیہ ہو جائے گی۔ مگر بعد میں بی جے پی نے خود انہی اسکیموں کو راجستھان، یوپی اور دہلی میں نافذ کیا، جو ان کی دوغلی پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔

مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے کرناٹک کو 5300 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا تھا، لیکن وہ رقم آج تک نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پندرہویں مالیاتی کمیشن کی سفارش کے مطابق ریاست کو 11495 کروڑ روپے ملنے تھے، مگر وہ بھی فراہم نہیں کیے گئے۔

سدارامیا نے الزام لگایا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کرناٹک کے ساتھ مسلسل ناانصافی کر رہی ہے اور ریاست کے مالی حقوق کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس مسئلے پر عوام کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہی ہے، جبکہ سچائی یہ ہے کہ ریاست کو اس کا حق نہیں دیا جا رہا۔


Share: