بیلگام، 4/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر اعلیٰ سدارامیا نے واضح کیا ہے کہ این ڈی آر ایف (قومی آفاتِ سماوی راحت فنڈ) کی رقم گارنٹی اسکیموں کے لیے استعمال نہیں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رہنما اس فنڈ کے غلط استعمال کا بے بنیاد الزام لگا رہے ہیں جبکہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں پر پوری طرح عمل کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ آج بیلگام ہوائی اڈے پر میڈیا سے بات کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ “گارنٹی اسکیموں کی شاندار کامیابی نے بی جے پی رہنماؤں کو بے چین کر دیا ہے۔ کانگریس حکومت نے جو کہا تھا، وہ کر کے دکھایا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ گارنٹی اسکیموں پر عمل درآمد ممکن نہیں، مگر ہم نے ثابت کر دیا کہ نیت صاف ہو تو وعدے پورے ہوتے ہیں۔
”انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے لیڈر ہر چیز کو “سیاسی حسد” کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ گارنٹی اسکیموں کے ماڈل کو اب بہار، دہلی، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، اور ہریانہ سمیت کئی ریاستوں نے اپنایا ہے، جو اس کی عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بیلگام کے بی آئی ایم ایس سوپر اسپیشیالٹی اسپتال کا سنگِ بنیاد 2017 میں رکھا گیا تھا اور آج اس کا افتتاح عمل میں آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے دور میں یہ منصوبہ تعطل کا شکار رہا، مگر موجودہ حکومت نے اسے مکمل کیا۔انہوں نے وضاحت کی کہ اسپتال کا انتظام کسی نجی ادارے کے حوالے نہیں کیا گیا ہے — بلکہ اسے حکومتی نگرانی میں ہی چلایا جائے گا۔
بی جے پی رہنما سی ٹی روی کے بیان پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ“وزیر اعلیٰ کا عہدہ یا قیادت کا مسئلہ کانگریس کا اندرونی معاملہ ہے۔ بی جے پی کو اس پر تبصرہ کرنے یا مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں۔”انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی سازش یا الزام تراشی سے متاثر نہیں ہوگی۔