ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کنڑا کے ممتاز ناول نگار ایس۔ ایل۔ بائرپا انتقال کر گئے

کنڑا کے ممتاز ناول نگار ایس۔ ایل۔ بائرپا انتقال کر گئے

Thu, 25 Sep 2025 10:56:41    S O News

 بنگلورو ، 25/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کنڑا ادب کے نامور اور مقبول ترین ناول نگار ایس۔ ایل۔ بائرپا بدھ کی دوپہر 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصہ سے معمرانہ عوارض میں مبتلا تھے اور علاج کے لیے بنگلور کے راجاراجیشوری نگر میں واقع راشٹروتھان اسپتال میں شریک کیے گئے تھے، جہاں دوپہر 2 بج کر 38 منٹ پر قلبی دورہ پڑنے کے باعث ان کا انتقال ہوا۔

1369662-bhyrappa_vb_78

ایس۔ ایل۔ بائرپا نے اپنی تخلیقی زندگی میں "ونشو ورکش"، "داتو"، "تنتر"، "پرو"، "گرہ بھنگ"، "سارتھ"، "مندرا" جیسے شہرہ آفاق ناول تخلیق کیے جنہوں نے قارئین کے دلوں میں گہری جگہ بنائی۔ ان کی بیشتر کتابیں نہ صرف کنڑا زبان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی تصانیف میں شامل رہیں بلکہ ہندی، مراٹھی اور انگریزی سمیت کئی ہندوستانی زبانوں میں ترجمہ بھی کی گئیں۔بائرپا کو ادب و فن کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں "کیندریہ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ"، "سراوتی سمان"، "پدم بھوشن"، "پدم شری" اور "ناڈوجا" جیسے اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

ایس۔ ایل۔ بائرپا کے انتقال پر ملک بھر کے ادبی اور سیاسی حلقوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ "ہم نے ایک عظیم مفکر اور ایسا ادیب کھو دیا ہے جس نے نہ صرف ضمیر کو جھنجھوڑا بلکہ ہندوستان کی روح کا گہرا مطالعہ پیش کیا۔ بائرپا ایک نڈر اور اعلیٰ پایہ کے مفکر تھے۔ ان کی تحریریں آنے والی نسلوں کو سماج پر غور و فکر کے لیے ہمیشہ متاثر کرتی رہیں گی۔ میں ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔"

وزیر اعلیٰ سدارامیا نے بھی سماجی رابطہ سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ"کنڑا ادب کی دنیا کے ایک قدآور ادیب اور ہمارے قریبی محسوس ہونے والے نثر نگار ایس۔ ایل۔ بائرپا کے انتقال کی خبر نہایت دکھ دینے والی ہے۔ ان کی روح کو سکون نصیب ہو۔ بائرپا کی وفات سے ادب کا آسمان خالی ہو گیا ہے۔ میں ان کے خاندان اور لاکھوں قارئین سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔"

بی جے پی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ “کنڑا ادب کو گراں قدر خدمات پیش کرنے والے سراوتی سمان یافتہ اور پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ ایس۔ ایل۔ بائرپا کو ہمارا پرخلوص خراج عقیدت۔”


Share: