بنگلورو، 4 جون (ایس او نیوز ) : رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کی آئی پی ایل 2025 میں تاریخی فتح کا جشن ایک اندوہناک سانحہ میں تبدیل ہو گیا جب چناسوامی اسٹیڈیم، بنگلورو کے باہر شدید بھگدڑ کے دوران کم از کم 10 افراد جاں بحق اور 24 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں ایک 6 سالہ بچی بھی شامل ہے، جبکہ کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
واقعہ چناسوامی اسٹیڈیم کے گیٹ نمبر 3 پر اس وقت پیش آیا جب آر سی بی ٹیم کے کھلاڑیوں کی آمد کی اطلاع پر ہزاروں پرجوش مداح ایک ساتھ گیٹ کی جانب بڑھے۔ غیر متوقع ہجوم اور ناکافی سیکیورٹی اقدامات کے سبب صورتحال قابو سے باہر ہو گئی، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔
ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق سات جاں بحق افراد کی لاشیں شیواجی نگر کے بورنگ اسپتال منتقل کی گئیں، جبکہ تین دیگر افراد کو وائدیہی اسپتال (سابقہ ملیا اسپتال) لے جایا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق کئی زخمی انتہائی نازک حالت میں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ آر سی بی کی پہلی آئی پی ایل جیت کے بعد بنگلورو شہر میں زبردست جشن کا ماحول تھا۔ شائقین شام سے ہی ودھان سودھا سے چناسوامی اسٹیڈیم تک کی وکٹری پریڈ دیکھنے کے لیے سڑکوں پر جمع ہونا شروع ہو گئے تھے۔ میٹرو، ذاتی گاڑیوں اور پیدل چل کر ہزاروں کی تعداد میں لوگ مرکزِ شہر کی جانب روانہ ہوئے، جس کے باعث سڑکیں جام ہو گئیں اور پولیس کے لیے ہجوم پر قابو پانا مشکل ہو گیا۔
پولیس نے ہنگامی طور پر اضافی فورس تعینات کی ہے اور علاقے کو خالی کرانے کی کوشش جاری ہے۔ ریاستی حکومت نے واقعے کی عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا اور وزیر داخلہ جی. پرمیشور نے اس سانحے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت پیش کی ہے اور زخمیوں کے علاج میں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔
آر سی بی کی جیت کی خوشی جس کا طویل عرصے سے انتظار تھا، اب ایک اجتماعی غم و الم میں تبدیل ہو گئی ہے۔ اس دلخراش واقعے نے انتظامیہ کے انتظامات پر بھی کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔