ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / چناسوامی اسٹیڈیم بھگدڑ: تحقیقاتی رپورٹ میں آر سی بی، KSCA اور پولیس کو ذمہ دار قرار

چناسوامی اسٹیڈیم بھگدڑ: تحقیقاتی رپورٹ میں آر سی بی، KSCA اور پولیس کو ذمہ دار قرار

Sat, 12 Jul 2025 17:37:58    S O News

بنگلورو، 12 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی): چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کی جیت کے بعد ہونے والی بھگدڑ کے واقعے پر تشکیل دی گئی واحد رکنی تحقیقاتی کمیشن نے واقعے کی مکمل ذمہ داری آر سی بی، کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (KSCA) اور پولیس محکمہ پر عائد کی ہے۔ جسٹس (ر) مائیکل ڈی کنہا کی قیادت میں بنائے گئے کمیشن نے اپنی رپورٹ ریاستی حکومت کو پیش کر دی ہے۔

واضح رہے کہ 4 جون کو آر سی بی کی فتح کے بعد بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر ہزاروں افراد کے ہجوم کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی، جس کے نتیجے میں 11 افراد جان سے گئے۔ اس واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے 5 جون کو حکومت نے ایک رکنی تحقیقاتی کمیشن قائم کیا تھا۔

تحقیقات کے مطابق اسٹیڈیم میں صرف 79 پولیس اہلکار تعینات تھے، جو اس نوعیت کے بڑے پروگرام کے لیے ناکافی تھے۔ باہر کے علاقے میں بھی پولیس کی موجودگی اطمینان بخش نہیں تھی اور موقع پر ایمبولینس کی سہولت بھی دستیاب نہیں تھی۔ بھگدڑ دوپہر 3:25 پر پیش آئی، مگر پولیس کمشنر کو اس کی اطلاع 5:30 بجے تک نہیں ملی، جبکہ جوائنٹ کمشنر شام 4:00 بجے موقع پر پہنچے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مفت پاس جاری کیے جانے کی وجہ سے غیر متوقع بھیڑ جمع ہو گئی، جس پر قابو پانا ممکن نہ رہا۔ تینوں اداروں – آر سی بی، KSCA اور پولیس – کے درمیان کوآرڈینیشن اور رابطے کا شدید فقدان تھا۔ ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے کوئی واضح منصوبہ یا رہنما خطوط موجود نہیں تھے۔

تحقیقی کمیشن نے انتظامیہ کی غفلت، سیکیورٹی میں کمی، اور مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کو اس سانحہ کا سبب قرار دیا ہے اور حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔


Share: