
بینگلور، 19 مئی (ایس او نیوز): کرناٹک کے دارالحکومت بینگلور میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری موسلادھار بارش نے شہر میں تباہی مچادی ہے۔ پیر کی صبح مشرقی بینگلور کے مہادیوپورا علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شدید بارش کے دوران ایک کمپاؤنڈ کی دیوار گرنے سے 35 سالہ خاتون ہلاک ہوگئیں۔ متوفیہ کی شناخت یادگیر کی رہائشی اور بینگلور میں گھریلو ملازمت انجام دینے والی ششی کلا کے طور پر کی گئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ششی کلا صبح تقریباً سات بجے جھاڑو لگا رہی تھیں، جب ایک پرائیویٹ کمپنی کی دیوار اچانک ان پر آگری، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور لاش کو ملبے سے نکالا گیا۔
شدید بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں نشیبی مقامات زیر آب آ گئے ہیں، سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، اور متعدد مقامات پر درختوں کے گرنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی عمارتوں کی دیواریں بھی بارش کی وجہ سے منہدم ہو گئی ہیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ اور بنگلور ڈیولپمنٹ کے انچارج ڈی کے شیوکمار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر متاثرہ علاقوں اور بی بی ایم پی وار روم کا معائنہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ مسائل وقتی نہیں بلکہ برسوں کی غفلت کا نتیجہ ہیں، اور حکومت اب پائیدار حل کے لیے جامع منصوبہ بندی پر کام کر رہی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔